پیٹرول مہنگا ہونے کے اثرات آنا شروع، ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں 60 فیصد اضافے کا اعلان

کراچی:پاکستان گڈز الائنس نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کرائے 60 فیصد بڑھانے کا اعلان کردیا۔

صدر پاکستان گڈز الائنس ملک شہزاد نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں، اس سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے لاکھوں لوگ بیروزگار ہو رہے ہیں، نظر ثانی نہ کی تو پاکستان کی ٹرانسپورٹ رک جائے گی۔

دوسری جانب پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونر ایسوسی ایشن نے ڈیزل کی قیمت میں اضافے پر ہنگامی اجلاس آج طلب کرلیا، ایسوسی ایشن نے کہا ڈیزل کی قیمت میں اضافےکے تناسب سےکرائے نہیں بڑھائےجاسکتے، حکومت ویسے ہی کہہ دے کہ ٹرانسپورٹرز اپنا کاروبار بند کرکے گھر بیٹھ جائیں۔

دوسری جانب کمرشل پروازوں کیلئے جیٹ فیول کی قیمت میں ایک ماہ کے دوران چھٹی بار بڑا اضافہ کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں مزید 40 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 517 روپے 17 پیسے فی لیٹر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔

یکم مارچ سے اب تک جیٹ فیول کی قیمت میں مجموعی طور پر 329 روپے 17 پیسے کا بڑا اضافہ ہوچکا ہے جبکہ یکم مارچ کو فی لیٹر قیمت 188 روپے تھی۔ جیٹ فیول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث ایئرلائنز کے آپریشنل اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل پروازوں کے کرایوں میں بھی اضافے کا قوی امکان ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اگر قیمتوں میں یہی رجحان برقرار رہا تو مسافروں کو آنے والے دنوں میں مزید مہنگے فضائی سفر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Check Also

وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس، مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا اصولی فیصلہ، اعلان صوبے کریں گے

اسلام آباد:حکومت نے توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *