اہلیہ کی وفات کے بعد لوگ مجھے دوسری شادی کا مشورہ دیتے ہیں: شہریار زیدی

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار شہریار زیدی نے اپنی اہلیہ کے انتقال کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بعد زندگی میں گہری تنہائی نے جگہ لے لی ہے، اگرچہ لوگ انہیں دوسری شادی کا مشورہ دیتے ہیں، تاہم وہ اس کے لیے خود کو تیار نہیں پاتے۔

شہریار زیدی اور مرحومہ گلوکارہ نیرہ نور کو پاکستان کی معروف اور باوقار جوڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے، جنہوں نے طویل عرصے تک فن و ثقافت کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں۔

حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شہریار زیدی نے اپنی اہلیہ کے آخری ایام کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیرہ نور طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں، جو بعد ازاں ریڑھ کی ہڈی تک پھیل گیا تھا، جس کے باعث وہ شدید اذیت کا شکار رہیں۔

اداکار نے بتایا کہ اہلیہ کی وفات کے بعد ان کی زندگی یکسر بدل گئی ہے اور وہ لوگوں کے درمیان موجود ہونے کے باوجود خود کو تنہا محسوس کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اکثر گھر واپس جا کر گھنٹوں تنہائی میں وقت گزارتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بعض افراد انہیں دوبارہ شادی کا مشورہ دیتے ہیں، تاہم ان کے لیے کسی اور کے ساتھ ویسا رشتہ قائم کرنا ممکن نہیں، کیونکہ اہلیہ کی جدائی ان کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

یاد رہے کہ نیرہ نور نے 2012 میں گائیکی سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی، تاہم ان کی فنی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وہ 20 اگست 2022 کو اس جہانِ فانی سے رخصت ہوئیں، اور ان کے انتقال کے ساتھ ایک سنہرا عہد اپنے اختتام کو پہنچا۔

Check Also

شاہ فیصل کالونی میں دلخراش حادثہ، 4 سالہ بچہ ٹرک کی زد میں آ گیا

کراچی (نمائندہ خصوصی):کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں ایک دلخراش حادثہ پیش آیا، جس …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *