چین میں 100 خود کار ٹیکسیاں اچانک بند، مسافر گاڑی میں پھنس کر رہ گئے

وسطی چین کے صوبہ ہیبی کے دارالحکومت ووہان میں ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا، جہاں 100 سے زائد خودکار (ڈرائیور کے بغیر چلنے والی) روبوٹیکسیز اچانک بند ہو گئیں۔

رپورٹس کے مطابق متعدد مسافر گاڑیوں کے اندر محصور ہو کر رہ گئے، جن میں سے بعض تقریباً 90 منٹ تک باہر نہ نکل سکے۔ کچھ مسافر دروازے نہ کھلنے کے باعث پریشان رہے جبکہ دیگر مصروف ٹریفک کے باعث گاڑی سے باہر نکلنے سے خوفزدہ تھے۔

ووہان میونسپل پبلک سیکیورٹی کے ٹریفک مینجمنٹ بیورو کے مطابق شہر میں چلنے والی یہ تمام روبوٹیکسیز ایک ہی کمپنی کی ملکیت تھیں اور بیک وقت تکنیکی خرابی کا شکار ہو گئیں۔

ایک خاتون مسافر نے سوشل میڈیا پر اپنے تجربے کو بیان کرتے ہوئے بتایا کہ وہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ گاڑی میں پھنسی رہیں۔ انہوں نے کسٹمر سروس سے متعدد بار رابطہ کیا، تاہم ابتدائی طور پر کوئی مؤثر جواب موصول نہیں ہوا اور ہر بار یہی کہا جاتا رہا کہ ماہر کو بھیجا جا رہا ہے۔

بعد ازاں متاثرہ مسافروں کو ریسکیو کر لیا گیا، تاہم متاثرہ خاتون نے ہنگامی صورتحال میں مؤثر مدد فراہم نہ کرنے پر کسٹمر سروس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

ماہرین کے مطابق روبوٹیکسیز عام طور پر ایک مرکزی کنٹرول سسٹم کے ساتھ ساتھ ہر گاڑی میں موجود علیحدہ نظام کے ذریعے چلائی جاتی ہیں۔ ایسی صورت میں اگر مرکزی نظام میں خرابی پیدا ہو جائے تو بیک وقت متعدد گاڑیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔

اگرچہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان یا بڑا حادثہ پیش نہیں آیا، تاہم اس نے بغیر ڈرائیور کے چلنے والی گاڑیوں کی حفاظت اور اعتماد سے متعلق سنجیدہ سوالات کو جنم دیا ہے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ اس میں ملوث کمپنی بائیڈو کی جانب سے مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان کم ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Check Also

ایرانی آج زندہ ہیں تو اس کی واحد وجہ مذاکرات ہیں، امریکی صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایرانیوں کی موجودہ بقا کی واحد وجہ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *