پشاور کے نواحی علاقے حسن خیل میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ حسن خیل میں پیش آیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے پولیس کانسٹیبل کو نشانہ بنایا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں دہشت گرد عناصر کے ملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے فوراً بعد سی ٹی ڈی اور پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اہلکار ڈیوٹی پر موجود تھا جب اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ شدید زخمی حالت میں اسے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکا۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
بعد ازاں شہید کانسٹیبل مقتدر خان کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں پولیس اور پاک فوج کے اعلیٰ حکام، افسران، جوانوں اور مرحوم کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، جبکہ اعلیٰ حکام نے پھولوں کی چادریں چڑھا کر فاتحہ خوانی کی۔
سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے شہید کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقتدر خان جیسے بہادر اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
THE PUBLIC POST