پاکستان میں ایڈز کے رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 84 ہزار ہے،وفاقی وزیر صحت

وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ملک میں ایچ آئی وی/ایڈز کے رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 84 ہزار ہے، جن میں سے 61 ہزار مریض زیرِ علاج ہیں جبکہ باقی 23 ہزار افراد کا تاحال سراغ نہیں لگایا جا سکا۔

انہوں نے بتایا کہ ایڈز کنٹرول پروگرام کے لیے مختص 65 ملین ڈالر میں سے 61.1 ملین ڈالر اقوامِ متحدہ کے اداروں اور این جی اوز کو جاری کیے جا چکے ہیں، تاہم فنڈز کے استعمال کی تفصیلات فراہم نہ کیے جانے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

وزیرِ صحت کے مطابق ملک میں ایچ آئی وی کیسز کی صورتحال مستحکم ہے اور اچانک اضافہ نہیں دیکھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجودہ شرح تقریباً 0.1 فیصد ہے، جو عالمی اوسط سے کم ہے۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ایڈز لاعلاج بیماری نہیں رہی اور اس کا علاج سرکاری مراکز میں مفت دستیاب ہے۔

مصطفیٰ کمال کے مطابق بعض علاقوں، خصوصاً تونسہ میں رپورٹ شدہ کیسز 2024 کے ہیں جبکہ 2026 کے ابتدائی مہینوں میں نئے کیسز سامنے نہیں آئے۔ اسلام آباد میں 618 کیسز رجسٹرڈ ہیں جن میں مقامی اور دیگر صوبوں سے ریفر ہونے والے مریض شامل ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ محفوظ طبی عمل کو یقینی بنانے کے لیے 10 سی سی سرنج کے دوبارہ استعمال پر پابندی لگائی جا رہی ہے تاکہ انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

Check Also

سرگودھا: موٹروے پولیس سب انسپکٹر نے خود کو گولی مار کر زخمی کرلیا

سرگودھا میں موٹروے پولیس کے ایک سب انسپکٹر نے مبینہ طور پر خود پر فائرنگ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *