کراچی کی ماڈل کرمنل کورٹ غربی نے مہندی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کے کیس کا فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ ملزم کا اقدام “قتل بالسبب” کے زمرے میں آتا ہے، کیونکہ استغاثہ قتلِ عمد کی نیت ثابت کرنے میں ناکام رہا۔
فیصلے کے مطابق ملزم کو 67 لاکھ 57 ہزار روپے سے زائد دیت ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ دیت کی ادائیگی تک اسے جیل میں رکھنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
مزید برآں، غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں ملزم کو 3 سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق یہ واقعہ 2023 میں چاکیواڑہ تھانہ کی حدود میں درج ہوا تھا، جہاں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری جان کی بازی ہار گیا تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزم کے غیر ذمہ دارانہ اقدام کے باعث شہری کی موت واقع ہوئی، جس پر قانون کے مطابق کارروائی کی گئی۔
THE PUBLIC POST