کراچی:ایڈیشنل آئی جی آزاد خان کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی کےکیس میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کے موبائل سے 869 نمبر ملے ہیں جن میں 132 کراچی کے نمبرز بھی ہیں۔
شہرِ قائد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آزاد خان کا کہنا تھا کہ پنکی کا کیس ہمارے لیے ایک ٹیسٹ کیس ہے، ہم اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے، دیکھیئے گا پنکی کا برانڈ نیم ہی اس کا پھندا بنے گا۔
انھوں نے کہا کہ ہم کیس میں صرف کراچی تک محدود نہیں، جو لوگ اس سے نشہ لے کر بیچتے تھے ان کو پکڑا ہے، ملزمہ کے سہولت کاروں کوبھی پکڑا جا رہا ہے، سچل میں پنکی کے پرانے گھر میں ریڈ کی، وہاں سے بھی منشیات مل گئی ہے، یہ منشیات باہر سے آتی تھی۔
اُزاد خان کا کہنا تھا کہ ملزمہ کے بینک اکاونٹس کی تفصیلات لی گئی ہیں، ملزمہ کی جانب سے3 کروڑ کی ٹرانزیکشن کی گئی ہے، اس نیٹ ورک میں افریقا کے لوگ بھی ہیں، ملزمہ پنجاب میں تھی۔
ایڈیشنل آئی نے مزید کہا کہ پنکی کیس سے متعلق ایف آئی اے اور سائبر کرائم کے ساتھ رابطہ کر لیا گیا ہے، کیس کی بڑے پیمانے پر تفتیش کی جاری ہے، ملزمہ انمول عرف پنکی کے موبائل سے 869 نمبر ملے ہیں جس میں سے 132 کراچی کے نمبر ہیں، یہ ہمارے لیے ایک ٹیسٹ کیس ہے، ہر ملوث ملزم کے خلاف کارروائی ہوگی۔
THE PUBLIC POST