ایف آئی اے کی بڑی کارروائی،ایس ایس پی سانگھڑ آفس سے چلایا جانے والا حوالہ ہنڈی منی لانڈرنگ کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا

پولیس لائنز میں چھاپہ، جونیئر کلرک گرفتار۔۔۔
لاکھوں روپے، ہزاروں ڈالر، چیک بکس، موبائل فونز اور مالی ریکارڈ برآمد۔۔۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل شہید بینظیرآباد نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی فارن ایکسچینج کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے سانگھڑ پولیس لائنز سے مبینہ منی لانڈرنگ نیٹ ورک پکڑ لیا۔ کارروائی کے دوران ایس ایس پی آفس سانگھڑ میں تعینات جونیئر کلرک اور اکاؤنٹنٹ غلام سرور جعفری کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جہاں پولیس لائنز میں واقع گیسٹ ہاؤس اور رہائشی کوارٹر پر چھاپہ مارا گیا۔

چھاپے کے دوران ملزم کے قبضے سے سات ہزار چار سو نو امریکی ڈالر، پچانوے لاکھ پاکستانی روپے، مختلف بینکوں کی چیک بکس، چیک لیوز، ڈپازٹ سلپس اور متعدد موبائل فونز برآمد کیے گئے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا ریکارڈ حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی ترسیلاتِ زر کے ایک منظم نیٹ ورک کی نشاندہی کرتا ہے، جبکہ موبائل فونز اور بینک ریکارڈ کا فرانزک تجزیہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر CC-SBNA(CBC)-3/26 فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ انیس سو سینتالیس کے ترمیمی ایکٹ دو ہزار بیس کی دفعات چار، پانچ اور تیئس جبکہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات چونتیس اور ایک سو نو کے تحت درج کر لی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملزم غیر قانونی رقوم کی ترسیل، بینکنگ چینلز کے غلط استعمال اور مالی لین دین کو چھپانے کے لیے مختلف سہولت کاروں سے رابطے میں تھا۔

ایف آئی اے کی چھاپہ مار ٹیم میں ایس آئی نثار عباسی، ایس آئی بابر علی دہری، ایس آئی ندیر سمیر، ایس آئی عابد مری، ایس آئی عبدالسلام، انسپکٹر معاذ صلاح الدین اور انسپکٹر آصف علی چاچڑ شامل تھے۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ممکنہ سہولت کاروں اور نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

Check Also

سٹی کونسل اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی منظوری،گل پلازہ ملبہ اٹھانے کیلئے 3 کروڑ روپے منظور

کراچی: سٹی کونسل کے اجلاس میں گل پلازہ کا ملبہ اٹھانے کے لیے 3 کروڑ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *