کراچی میں عیدالاضحیٰ کے دوران قربانی کی آلائشیں بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے شہر بھر میں 99 کلیکشن پوائنٹس قائم کردیے ہیں۔
ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق نظامانی کے مطابق ضلع کیماڑی میں 11، کورنگی میں 20 اور ملیر میں 9 کلیکشن پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع شرقی میں 15 جبکہ ضلع وسطی میں 18 کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ اسی طرح ضلع جنوبی میں 14 اور ضلع غربی میں 12 کلیکشن پوائنٹس مختص کیے گئے ہیں تاکہ آلائشوں کو فوری طور پر منتقل کیا جاسکے۔
طارق نظامانی کے مطابق آلائشیں تلف کرنے کے لیے شرافی گوٹھ، جام چاکرو اور گوند پاس کے مقامات پر مجموعی طور پر 9 خندقیں بھی کھودی گئی ہیں۔
ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ آلائشیں اٹھانے کے بعد متعلقہ علاقوں میں چونے کا چھڑکاؤ اور عرقِ گلاب کا اسپرے بھی کیا جائے گا تاکہ تعفن اور بدبو پر قابو پایا جاسکے۔
انہوں نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا شکایتی مرکز 1128 عید کے دوران چوبیس گھنٹے فعال رہے گا تاکہ صفائی ستھرائی سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ کیا جاسکے۔
THE PUBLIC POST