کراچی: قربانی کا گوشت مانگنے کے بہانے گھر میں ڈکیتی، لاکھوں روپے مالیت کا سونا اور ہزاروں ڈالر لوٹ لیے گئے

کراچی کے علاقے دستگیر میں عیدالاضحیٰ کے دوران قربانی کا گوشت مانگنے کے بہانے گھر میں ڈکیتی کی سنگین واردات پیش آئی، جہاں مسلح ڈاکو اہلخانہ اور قصائیوں کو یرغمال بنا کر لاکھوں روپے مالیت کی نقدی اور زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ شہری نے بتایا کہ وہ اپنے گھر کے گیراج میں قربانی کے جانور کی قربانی میں مصروف تھے کہ اسی دوران گھر کی گھنٹی بجی۔ ملازمہ نے دروازہ کھولا تو مسلح ڈاکو زبردستی گھر میں داخل ہوگئے۔

متاثرہ شہری کے مطابق ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر اہلخانہ اور موقع پر موجود قصائیوں کو یرغمال بنالیا اور گھر کی الماریوں کی تلاشی لیتے ہوئے 15 ہزار امریکی ڈالر، پاکستانی کرنسی اور قیمتی سامان لوٹ لیا۔

انہوں نے بتایا کہ لوٹے گئے سامان میں 17 سے 18 تولہ سونا بھی شامل ہے، جس کی مالیت لاکھوں روپے بنتی ہے۔ واردات کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہوگئے جبکہ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے شواہد جمع کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

شہریوں نے عید کے موقع پر بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس ایسے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

Check Also

کراچی کے قریب 2 غیر ملکی بحری جہازوں میں تصادم،وفاقی وزیر بحری امور نے رپورٹ طلب کر لی

جنید انوار چوہدری نے کراچی پورٹ کے قریب پیش آنے والے بحری حادثے کے حوالے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *