جامعہ کراچی میں امتحانی بائیکاٹ برقرار،اساتذہ حکومتی یقین دہانیوں سے مطمئن نہ ہو سکے

کراچی: جامعہ کراچی میں گزشتہ ایک ماہ سے جاری امتحانی عمل کے بائیکاٹ کو ختم کرنے کی کوششیں ناکام ہوگئیں اور انجمن اساتذہ نے بائیکاٹ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک روز قبل سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے جامعہ کراچی کے مالی و انتظامی مسائل کے حل کے لیے ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی قائم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ کمیٹی کے قیام کے بعد اساتذہ امتحانی بائیکاٹ ختم کر دیں گے اور یونیورسٹی انتظامیہ متاثرہ امتحانات کو دوبارہ شیڈول کرے گی، تاہم منگل کو انجمن اساتذہ کے عمومی اجلاس میں متعدد اساتذہ نے بائیکاٹ ختم کرنے کی مخالفت کی۔ انجمن کے عہدیداران اساتذہ کو اپنے موقف پر قائل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے، جس کے بعد بائیکاٹ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

انجمن اساتذہ کے سیکریٹری معروف بن رؤف کا کہنا ہے کہ اساتذہ کو محض وعدوں پر اعتماد نہیں، اس لیے بائیکاٹ ختم کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق ایچ ای سی کے نوٹیفکیشن میں بائیکاٹ ختم کرنے سے متعلق جو بات شامل کی گئی، اس پر حتمی فیصلہ اساتذہ کے اجلاس میں ہونا تھا۔

دوسری جانب حکومت سندھ اور سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی میں جامعہ کراچی کے اساتذہ، ملازمین، افسران، محکمہ جامعات و بورڈز اور سندھ ایچ ای سی کے نمائندے شامل ہیں، جو 40 روز کے اندر جامعہ کو درپیش مالی و انتظامی مسائل پر سفارشات مرتب کریں گے۔

واضح رہے کہ 5 جون کو امتحانی بائیکاٹ کو ایک ماہ مکمل ہو جائے گا۔ اس صورتحال کے باعث تقریباً 46 ہزار طلبہ کے امتحانات متاثر ہو رہے ہیں جبکہ اگلے سمسٹر اور نئے تعلیمی سال کے آغاز میں بھی تاخیر کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

Check Also

، اگلا پروگرام گاڑی میں گھر سے اسٹوڈیو جاتے ہوئے کروں گی،راستے کے جمپس بھی دکھاؤں گی شرمیلا فاروقی

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی اور ایک نجی ٹی وی پروگرام کے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *