معروف ڈرامہ نگار و شاعر کشور عدیل جعفری کےطنز و مزاح کا ادبی جشن کتاب ’کشور کشائی‘ کی تقریبِ رونمائی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کشور عدیل جعفری کے طنز و مزاح کا ادبی جشن کتاب ’’کشور کشائی‘‘ کی شاندار تقریبِ رونمائی ادب کی دنیا میں بعض شامیں محض تقریبات کے انعقاد سے یادگار نہیں بنتیں، بلکہ اپنے عہد کے فکری، تہذیبی اور تخلیقی سرمائے کو تازہ کرنے کا وسیلہ بھی بن جاتی ہیں ایسی ہی ایک خوشگوار اور یادگار شام کراچی کی ادبی فضا میں رقم ہوئی، جب معروف ڈرامہ نگار اور سینئر شاعر کشور عدیل جعفری کے ٹیلی وژن کے لیے تحریر کردہ طنز و مزاح سے آراستہ ڈراموں کے منتخب اقتباسات پر مشتمل کتاب ’’کشور کشائی‘‘ کی تقریبِ رونمائی وی ٹرسٹ، گلشنِ اقبال، کراچی میں نہایت شایانِ شان اور پُروقار انداز میں منعقد ہوئی-

یہ تقریب محض ایک کتاب کی رونمائی کا رسمی اہتمام نہیں تھی بلکہ کشور عدیل جعفری کے تخلیقی سفر ان کے طنزیہ اسلوب اور اس عہد کے سماجی شعور کی ایک دل نشیں بازیافت بھی تھی ان کے قلم سے جنم لینے والے مکالموں کی برجستگی، کرداروں کی جانداری اور طنز و مزاح کے پردے میں پوشیدہ اصلاحی و فکری پہلوؤں نے اس شام کو ایک بامعنی ادبی نشست میں تبدیل کر دیا صدارت منظر نقوی نے کی، جو سینئر صحافی اور فنانشل ڈیلی کے مدیر ہیں، جب کہ نظامت کے فرائض سینئر شاعر اور براڈکاسٹر شہاب الدین شہاب نے نہایت خوش اسلوبی، سلیقے اور عمدہ ادبی پیرائے میں انجام دیے-

اس تقریب میں استاد انصاری، احمد امتیاز ناصر شمسی، سحر تاب رومانی، ڈاکٹر رانا خالد، مظہر ہانی، محمد علی گوہر، زاھد جوھری، کاشف حسین غائر، ضیاء زیدی، ناھید آعظمی، غضنفر علی، قاضی دانش، ، یاسمین یاس، اور دیگر شخصیات موجود تھیں تقریب کے دوران مقررین نے کشور عدیل جعفری کے فن اور شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے ان کے مکالموں کی چاشنی، کردار نگاری کی فنی مہارت اور طنز کے لطیف پیرائے میں پیش کیے گئے سنجیدہ سماجی پیغام کو سراہا عقیل عباس جعفری، راشد فاروقی، مبشر میر اور فیصل قاضی نے اپنے اپنے منفرد اندازِ اظہار میں مصنف کی تخلیقی صلاحیتوں فنی انفرادیت اور ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اس موقع پر سینئر صحافی اور شاعر اختر سعیدی نے اپنے مخصوص شعری آہنگ میں منظوم اظہارِ خیال پیش کرکے تقریب کے ادبی حسن میں مزید اضافہ کیاتقریب کی میزبانی کے فرائض اسد قریشی اور مظفر حسین جنید نے انجام دیے

دونوں میزبانوں کی خوش سلیقہ میزبانی اور حسنِ انتظام نے محفل کی رونق اور دل کشی کو دوبالا کر دیاشرکائے تقریب نے اس کتاب کی اشاعت کو اردو طنزیہ و مزاحیہ ڈرامے کے ادبی ذخیرے میں ایک قابلِ قدر اضافہ قرار دیتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ ٹیلی وژن کے لیے تخلیق کیے گئے ایسے معیاری ادبی سرمائے کو کتابی صورت میں محفوظ کرنا نہ صرف ایک اہم ادبی خدمت ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک قیمتی اثاثہ ہے یوں کشور عدیل جعفری کے فن کے نام یہ خوب صورت شام خوش گوار یادوں اور ادبی مسرتوں کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی تقریب کے اختتام پر شرکاء کی تواضع خوش ذائقہ کھانے اور چائے سے کی گئی جس نے اس یادگار ادبی محفل کے اختتامی لمحات کو مزید خوش گوار بنا دیا

Check Also

ادکارہ عائشہ نور نے اسلام کی خاطر شوبز سے دوری اختیار کر لی

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ، ماڈل اور میزبان عائشہ نور کی اسکرین سے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *