کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہماری ثقافت اور ہمارا کلچر ہماری شان ہے، اور میں تمام شہریوں کو مہاجر کلچر ڈے کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وہ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان مختلف قومیتوں کا خوبصورت گلدستہ ہے، جہاں کوئی کسی ملک سے آیا، کوئی کسی صوبے سے ہجرت کر کے یہاں بسا، اور یہی تنوع ہماری اصل پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات پر دلی خوشی محسوس ہوتی ہے کہ کراچی اور دیگر علاقوں میں اردو، پشتو، سندھی اور دیگر زبانیں بولنے والے لوگ مل جل کر رہ رہے ہیں۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ مہاجر کلچر ڈے ہمیں باہمی احترام، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے، اور ہمیں چاہیے کہ اپنی ثقافتی شناختوں کو فخر کے ساتھ اپناتے ہوئے ایک دوسرے کو قبول کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مختلف ثقافتوں کا احترام اور ہم آہنگی ہی ایک مضبوط، پرامن اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے، اور کراچی اس کی بہترین مثال ہے۔
THE PUBLIC POST