کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14بچوں کی اموات کے سانحے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تاجروں نے آج مارکیٹ بند رکھنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کا علاقہ کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے نتیجے میں 14 معصوم بچوں کی موت پر پورے شہر کی فضا سوگوار ہے۔
اس نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کاہنہ کے تاجروں نے آج یکجہتی کے طور پر تمام مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بند رکھنے کا اعلان کردیا۔ دوسری جانب جاں بحق ہونے والے تمام معصوم بچوں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی ہے، جہاں ہر آنکھ اشکبار اور پورا علاقہ سسکیوں سے گونجتا رہا، جاں بحق بچوں کی عمریں 4 سے 10 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں حادثے کے پیچھے چھپی لرزہ خیز غفلت اور لاپروائی کے حقائق سامنے آگئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ ٹیوشن سینٹر ایک ایسے مکان کے نیچے بنایا گیا تھا جس کی چھت پہلے ہی کمزور تھی ، واقعے کے وقت اسی کمزور چھت کے اوپر مرمت کا کام جاری تھا اور مزدور وہاں کام کر رہے تھے، چھت پر ملبے اور کام کا وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے چھت کے ٹی آر گارڈر بوجھ برداشت نہ کر سکے اور اچانک ٹوٹ گئے۔
گارڈر ٹوٹتے ہی پوری چھت نیچے پڑھ رہے معصوم بچوں پر آ گری، واقعے کے وقت ٹیوشن سینٹر میں 35 بچے موجود تھے، جن میں سے 14 بچے جان کی بازی ہار گئے جبکہ دیگر کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی سب سے پہلے اہل محلہ نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا، جس کے بعد ریسکیو الیون ٹو ٹو کے عملے نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا اور لاشوں و زخمیوں کو باہر نکالا۔ پولیس نے اس مجرمانہ غفلت پر ایکشن لیتے ہوئے انفورسمنٹ انسپکٹر نشتر زون کی مدعیت میں واقعے کا باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا ہے اور کارروائی کے دوران مکان مالک سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔
THE PUBLIC POST