کراچی:چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی رئیر ایڈمرل (ر) سید معظم الیاس نے کہا ہے کہ پورٹ قاسم میں اربوں ڈالر کی نئی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت اور بندرگاہی انفراسٹرکچر میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔
دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو میں چیئرمین پورٹ قاسم نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات، ترکیہ، قطر اور چین کی جانب سے پورٹ قاسم میں تقریباً 2 ارب ڈالر کی نئی سرمایہ کاری متوقع ہے، جو 30 سالہ منصوبے کے تحت انفراسٹرکچر اور صنعتی شعبوں میں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریکوڈک مائننگ کمپنی بھی پورٹ قاسم میں براہ راست 15 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی، جبکہ ریکوڈک سے معدنی ذخائر کی ترسیل کو پورٹ قاسم سے منسلک کرنے کے لیے ریلوے ٹریک پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔
سید معظم الیاس کے مطابق ایم ایل ون منصوبے کے تحت پپری سے پورٹ قاسم تک نئی ریلوے لائن تعمیر کی جا رہی ہے، جسے مستقبل میں تھر کے کوئلے کی ترسیل اور برآمدات کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پورٹ قاسم پر 25 کروڑ ڈالر کی لاگت سے ڈریجنگ آپریشن کے پہلے مرحلے کا آغاز ہو چکا ہے، جس کے بعد 18 میٹر گہرائی رکھنے والے جدید اور بڑے بحری جہاز بھی بندرگاہ پر لنگر انداز ہو سکیں گے۔
THE PUBLIC POST