برمنگھم ٹیسٹ: انگلینڈ کا بولنگ کا فیصلہ: پاکستانی اسکواڈ میں 4 تبدیلیاں، 3 کا ڈیبیو

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلا جا رہا ہے۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

انگلینڈ کو سیریز میں پہلے ہی دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے جہاں اس نے پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 103 رنز جبکہ دوسرے میچ میں 194 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔

ٹیسٹ سیریز ہاتھ سے نکلنے کے بعد قومی ٹیم کا بنیادی ہدف اب خود کو وائٹ واش کی شرمندگی سے بچانا ہے۔

آخری ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں چار بڑی تبدیلیوں کے ساتھ جن بارہ ممکنہ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے، ان میں تین ناتجربہ کار کھلاڑیوں غازی غوری، آل راؤنڈر محمد عمران رندھاوا اور فاسٹ بولر رضا اللہ شامل ہیں۔

تئیس سالہ وکٹ کیپر بیٹر غازی غوری کا تعلق کراچی سے ہے۔ اس کے علاوہ انتیس سالہ آل راؤنڈر محمد عمران رندھاوا بھی ٹیسٹ کیپ حاصل کریں گے جو اٹھاون فرسٹ کلاس میچز کا تجربہ رکھتے ہیں اور بیٹنگ کے ساتھ ساتھ درمیانی رفتار سے 110 وکٹیں بھی حاصل کر چکے ہیں۔

قومی ٹیم کا اسکواڈ بابر اعظم (کیپٹن)، اذان اویس، صائم ایوب، عبداللہ رفیق، شان مسعود، سعود شکیل، محمد غازی غوری، محمد عمران، رضا اللہ، محمد علی اور محمد عباس پر مشتمل ہے۔

میچ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم ایک غیر معمولی صورتحال اور میڈیا اطلاعات کے باعث بھی سرخیوں میں آئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے کھلاڑیوں اور دیگر آفیشلز کے موبائل فون اپنے پاس جمع کر لیے ہیں جو میچ کے اختتام تک بورڈ کی تحویل میں رہیں گے۔

اگرچہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ضوابط کے تحت ڈریسنگ روم اور محدود علاقوں میں مواصلاتی آلات کے استعمال پر پہلے ہی پابندی عائد ہوتی ہے، لیکن پوری سیریز کے دوران موبائل تحویل میں لینے کے اقدام نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے اس فیصلے کی تاحال کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی گئی، جبکہ ٹیم اور کوچنگ اسٹاف میں حالیہ تبدیلیوں کے بعد شائقینِ کرکٹ اس معاملے پر بورڈ کے مؤقف کے منتظر ہیں۔

Check Also

وسیم اکرم نے بھی عمران خان کی صحت پر تشویش کا اظہار کر دیا

قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی صحت …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *