پاکستانی اداکارہ اقراء عزیز نے انکشاف کیا ہے کہ معروف اداکارہ صبا قمر کے کام نے میرے فنی سفر پر گہرا اثر ڈالا ہے۔
اقراء عزیز نے صبا قمر کی جانب سے ملنے والی بھرپور پذیرائی پر ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اقراء عزیز نے صبا قمر کی ایک ویڈیو ری شیئر کی ہے، جس میں صبا قمر ایک تقریب کے دوران اپنی ساتھی اداکارہ کی تعریف کرتی دکھائی دیں اور انہیں غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل اداکارہ قرار دیا۔
صبا قمر نے اقراء عزیز کے فن سے وابستگی اور ان کے کام میں نظر آنے والے جذبے اور شدت کو بھی سراہا اور ان کی اداکاری میں موجود لگن اور جذباتی گہرائی کا اعتراف کیا۔
صبا قمر کے الفاظ سے متاثر ہو کر اقراء عزیز نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک جذباتی پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے سینئر اداکارہ کے لیے اپنی بھرپور عقیدت اور احترام کا اظہار کیا ہے۔
اقراءعزیز نے لکھا کہ آپ کو واقعی اندازہ نہیں کہ آپ کے الفاظ میرے لیے کتنی اہمیت رکھتے ہیں، آپ ان بہترین اداکاراؤں میں سے ایک ہیں جنہیں اس ملک کے لوگوں کو دیکھنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور میں طویل عرصے سے آپ کو سراہتی آئی ہوں۔
مقبول ڈرامہ سیریل سنو چندا کی اداکارہ نے بتایا کہ میں برسوں سے صبا قمر کے کام کو قریب سے دیکھتی آئی ہوں اور خاص طور پر بالی ووڈ فلم ہندی میڈیم میں ان کی اداکاری کو میں نے کئی بار دیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ہندی میڈیم اتنی مرتبہ دیکھی ہے کہ اب گننا بھی ممکن نہیں اور آپ کو دیکھ کر میں نے بہت کچھ سیکھا ہے، اس لیے آپ کی جانب سے یہ الفاظ سننا میرے لیے بے حد خاص اور سچ کہوں تو کچھ غیر حقیقی سا محسوس ہوتا ہے، میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے، بہت بہت شکریہ۔
پاکستانی شوبز کی ان دونوں معروف اداکاراؤں کے درمیان ہونے والے اس الفاظ کے تبادلے کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی پذیرائی ملی ہے۔
THE PUBLIC POST