پشاور: ضلع ٹانک کے علاقے وزیر آباد میں ٹریفک پولیس کی موبائل گاڑی پر فائرنگ سے 3 اہلکار شہید ہوگئے۔
تھانہ سٹی پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد موٹر سائیکل سوار حملہ آور فرار ہوگئے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے میں حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ شہید اہلکاروں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ٹانک کے علاقے میں خوارجیوں کی جانب سے ٹریفک پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے 3 اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہید اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، دکھ کی گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
THE PUBLIC POST