نماز کی پابندی سے ذہنی سکون اور اطمینان حاصل ہو گیا:ہمایوں سعید

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار اور کامیاب فلم ساز ہمایوں سعید نے انکشاف کیا ہے کہ باقاعدگی سے نماز ادا کرنے کی عادت نے میری زندگی میں مثبت تبدیلی اور ذہنی سکون دیا ہے۔

ہمایوں سعید کا شمار پاکستان کے صفِ اوّل کے اداکاروں میں ہوتا ہے، وہ گزشتہ 3 دہائیوں سے ڈرامہ اور فلم انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور اداکاری کے ساتھ ساتھ بطور پروڈیوسر بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکے ہیں۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اداکار نے اپنے کیریئر، زندگی کے سفر اور وقت کے ساتھ آنے والی روحانی تبدیلیوں کے بارے میں گفتگو کی۔

اس موقع پر انہوں نے اپنی زندگی میں آنے والی ایک اہم مثبت تبدیلی کا ذکر بھی کیا، جس سے ان کی اندرونی کیفیت اور سوچ میں نمایاں فرق آیا ہے۔

ہمایوں سعید نے بتایا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران میں بھی دیگر پیشہ ور افراد کی طرح اپنے کام کے حوالے سے آگے بڑھنے اور کامیابی حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل رہا، تاہم اب میں نے باقاعدگی سے نماز ادا کرنا شروع کر دی ہے، جس کے بعد مجھے غیر معمولی ذہنی سکون حاصل ہوا۔

اداکار کے مطابق اب مجھے کسی معاملے میں پہلے جیسی بے چینی یا دوسروں سے آگے نکلنے کی خواہش نہیں ہوتی، میں اپنی موجودہ زندگی سے مطمئن ہوں اور اپنے حالات کو خوش دلی سے قبول کرتا ہوں۔

ہمایوں سعید کا کہنا ہے کہ نماز کی پابندی نے زندگی کو زیادہ سکون اور اطمینان کے ساتھ گزارنے میں مدد دی ہے۔

Check Also

میاں چنوں میں مبینہ طور پر باپ کے تشدد سے چھ سالہ بچہ جاں بحق

میاں چنوں کے نواحی علاقے میں مبینہ طور پر والد کے تشدد سے چھ سالہ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *