پاکستان کے بالائی اضلاع کو متاثر کرنے والی مغربی ہواؤں کی لہر کے زیرِ اثر کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں جمعہ کے روز ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس نئے موسمیاتی سسٹم کے تحت جمعہ کو کراچی، ٹھٹھہ، قمبر شہدادکوٹ، جامشورو اور نوشہرو فیروز میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے، جبکہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور خنک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ سندھ کے میدانی علاقوں میں صبح کے وقت ہلکی دھند پڑ سکتی ہے جبکہ کراچی میں جمعرات کو بھی ہلکی دھند کا امکان ہے۔
کراچی میں آئندہ تین روز کے دوران دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے، تاہم بلوچستان میں بارشوں کے بعد چلنے والی سرد ہواؤں کی وجہ سے کراچی میں درجہ حرارت گرنے اور سردی کی شدت میں اضافے کا امکان موجود ہے۔
دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں آئندہ دو سے تین روز کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے بالائی علاقوں میں سردی کی لہر شدید ہو گئی ہے۔
آزاد کشمیر کی وادیوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری جاری ہے، جس کے باعث گنگا چوٹی، درہ حاجی پیر اور مکڑا پہاڑ نے برف کی چادر اوڑھ لی ہے جبکہ مری اور ایبٹ آباد میں بھی رات گئے گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی اضلاع اور سیاحتی مقامات پر بارش اور برفباری کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
خراب موسم اور ممکنہ راستوں کی بندش کے پیشِ نظر مقامی انتظامیہ نے سیاحوں اور مقامی رہائشیوں کو پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران محتاط رہنے اور ضروری تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
THE PUBLIC POST