ایف بی آر افسران کا پول کھل گیا،ٹیکس قوانین کے امتحان میں اکثریت ناکام،293 افسران میں صرف 29اہل قرار

کراچی( رپورٹ : عمران خان ) سیلز ٹیکس افسران صرف 26.4 اور انکم ٹیکس افسران 33.3 فیصد نمبر لے سکے؛ 293 افسران میں صرف 29 قانونی فیصلے کرنے کے اہل قرار۔*صرف 4 افسران دونوں شعبوں کے قوانین پر عبور رکھتے ہیں، 2022 کے بعد بھرتی ہونے والوں کا امتحان لینے اور پرانے افسران کو نظرانداز کرنے پر تنازع کھڑا ہوگیا۔ایف بی آر کے دو الگ ونگز بنانے کی تیاری، مہارت کے مطابق افسران کی تعیناتی کا منصوبہ؛ سی ایس ایس اور ایف پی ایس سی کے میرٹ سسٹم پر بھی سوالات اٹھ گئے۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کراچی کے ان لینڈ ریونیو افسران کی ٹیکس قوانین پر گرفت اور قانونی فیصلے کرنے کی صلاحیت جانچنے کے لیے منعقدہ خصوصی امتحان کے نتائج نے محکمے کی کارکردگی کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کے 293 افسران میں سے بیشتر مطلوبہ معیار حاصل کرنے میں ناکام رہے، جبکہ اپنے دستخط سے قانونی احکامات جاری کرنے کے اہل افسران کی تعداد انتہائی کم نکلی۔ دوسری جانب امتحان کے انتخابی معیار پر بھی نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سیلز ٹیکس کے 150 اور انکم ٹیکس کے 143 افسران نے امتحان میں شرکت کی، جن میں سے 139 دونوں امتحانات میں شریک ہوئے۔ نتائج کے مطابق سیلز ٹیکس کے صرف 15 اور انکم ٹیکس کے 14 افسران اپنے دستخط سے قانونی احکامات جاری کرنے کے اہل قرار پائے، جبکہ دونوں شعبوں کے قوانین پر بیک وقت عبور رکھنے والے افسران کی تعداد صرف چار رہی۔

امتحانی نتائج کے مطابق سیلز ٹیکس افسران کا اوسط اسکور 26.4 فیصد اور انکم ٹیکس افسران کا 33.3 فیصد رہا۔ سیلز ٹیکس میں کوئی افسر 60 فیصد کا مقررہ معیار حاصل نہ کرسکا، جبکہ انکم ٹیکس میں صرف چار افسران یہ ہدف عبور کرسکے۔ سیلز ٹیکس کے 47 افسران 20 فیصد نمبر بھی حاصل نہیں کرسکے، جبکہ انکم ٹیکس میں 16 افسران 20 فیصد سے کم نمبر لے سکے۔

امتحان پر نیا تنازع، پرانے افسران نظرانداز؟
وفاقی حکومت کی ہدایات پر چیئرمین ایف بی آر کی جانب سے لیے جانے والے اس امتحان کے انتخابی طریقہ کار پر بعض افسران نے اعتراضات اٹھا دیے ہیں۔ افسران کا دعویٰ ہے کہ امتحان میں صرف 2022 کے بعد فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) اور سی ایس ایس کے ذریعے بھرتی ہونے والے انسپکٹروں، اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو شامل کیا گیا، جن میں خواتین افسران بھی شامل ہیں، جبکہ اس سے پہلے بھرتی ہونے والے پرانے افسران کو امتحان یا ٹیسٹ سے مستثنیٰ رکھا گیا۔

متعلقہ افسران کا مؤقف ہے کہ وہ طویل عرصے سے ٹیکس کے شعبے میں کام کررہے ہیں اور تمام متعلقہ قوانین سے واقفیت رکھتے ہیں، اس لیے انہیں امتحان میں شامل نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب مختلف ذرائع کا کہنا ہے کہ نتائج نے سی ایس ایس اور ایف پی ایس سی جیسے اداروں کے انتخابی اور تربیتی نظام کی افادیت پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں کہ سخت مقابلے کے امتحانات کے ذریعے بھرتی ہونے والے افسران کی بڑی تعداد ٹیکس قوانین کے بنیادی امتحان میں مطلوبہ معیار حاصل نہیں کرسکی۔

سینئر افسران بھی ماتحتوں کی جانچ کے اہل نہیں نکلے
امتحانی رپورٹ کے مطابق ماتحت افسران کے تیار کردہ قانونی احکامات کی جانچ اور منظوری دینے والے سینئر افسران کی کارکردگی بھی تسلی بخش نہیں رہی۔ سیلز ٹیکس کے 56 کمشنرز اور ایڈیشنل کمشنرز میں سے صرف چار جبکہ انکم ٹیکس کے 53 سینئر افسران میں سے صرف چھ ماتحتوں کے تیار کردہ احکامات میں قانونی خامیوں کی مؤثر نشاندہی کرنے کے اہل قرار پائے۔

رپورٹ میں افسران کو چار زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے درجے کے افسران آزادانہ قانونی فیصلے کرسکتے ہیں، دوسرے درجے کے افسران قانونی نوٹس اور احکامات کے مسودے تیار کرسکتے ہیں جن کی جانچ ضروری ہے، تیسرے درجے کے افسران ریکارڈ اور ٹیکس معاملات کی جانچ تک محدود ہیں، جبکہ چوتھے درجے کے افسران کو دوبارہ تربیت کی ضرورت قرار دیا گیا ہے۔

انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کے الگ ونگز بنانے کی تیاری
ایک ذریعے کا دعویٰ ہے کہ ایف بی آر کے انتظامی ڈھانچے میں مستقبل قریب میں بڑی تبدیلی لانے کی تیاری کی جارہی ہے، جس کے تحت انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کے الگ الگ ونگز قائم کیے جاسکتے ہیں۔ منصوبے کے تحت سیلز ٹیکس قوانین میں مہارت رکھنے والے افسران کو سیلز ٹیکس ونگ جبکہ انکم ٹیکس کے ماہر افسران کو انکم ٹیکس ونگ میں تعینات کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق خصوصی امتحان کے ذریعے افسران کی انفرادی مہارت جانچنے کا مقصد مستقبل میں ان کی متعلقہ شعبوں میں تعیناتی بھی ہوسکتا ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
غلط ٹیکس ڈیمانڈز اور قانونی مقدمات کا خدشہ
ذڑائع کے مطابق ٹیکس قوانین پر افسران کی کمزور گرفت کے اثرات براہ راست ٹیکس دہندگان کے مقدمات، آڈٹ اعتراضات، قانونی نوٹسز اور ٹیکس ڈیمانڈز پر مرتب ہوسکتے ہیں۔ قانونی احکامات تیار کرنے اور ان کی جانچ کرنے والے افسران ہی اگر قوانین پر مکمل عبور نہ رکھتے ہوں تو غلط فیصلوں اور کمزور قانونی کارروائیوں کے نتیجے میں سرکاری محصولات اور ٹیکس دہندگان دونوں متاثر ہوسکتے ہیں۔

اب اہم سوال یہ ہے کہ امتحان کے لیے افسران کے انتخاب کا معیار کیا تھا، پرانے افسران کو اس عمل سے باہر کیوں رکھا گیا اور کیا ان نتائج کی بنیاد پر ایف بی آر کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کی جائے گی؟ محکمے کے لیے ضروری ہے کہ امتحان کے طریقہ کار پر اٹھنے والے اعتراضات کا جواب دے اور افسران کی تربیت، تعیناتی اور قانونی فیصلوں کی جانچ کا شفاف نظام قائم کرے۔

Check Also

نقد رقم نہیں چلے گی:اسلام آباد کو ملک کا پہلا کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کے لیے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *