باجوڑ: سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، 12 خوارج ہلاک، دھماکے سے 11 اہلکار شہید

باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا کر 12 خوارج کو ہلاک کردیا جب کہ حملے کے دوران 11 اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 16 فروری 2026 کو باجوڑ ضلع میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ چیک پوسٹ پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج، جن کا تعلق “فتنہ الخوارج” سے تھا، نے بزدلانہ دہشت گرد حملے کی کوشش کی۔

بیان کے مطابق حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کی سیکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، تاہم پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے مستعد اور بروقت ردِعمل نے دشمن کے ناپاک عزائم کو فوری اور فیصلہ کن انداز میں ناکام بنا دیا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرار ہونے والے خوارج کو نشانہ بنایا اور 12 خوارج کو ہلاک کر دیا، حملہ آوروں نے اپنی ناکامی پر دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ شدید دھماکے کے باعث چیک پوسٹ کا انفراسٹرکچر منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں وطن کے 11 بہادر سپوت شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ دھماکے سے قریبی رہائشی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں ایک کمسن بچی شہید جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 7 شہری زخمی ہوئے۔

بیان کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی بھارتی سرپرستی میں سرگرم خارجی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس/سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت وژن “عزمِ استحکام” کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔

بہادر جوانوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے اور وطن کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے حملہ ناکام بنانے پر بہادر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے 11 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ بہادر سپوتوں نے جان دے کر 12 دہشتگردوں کو جہنم رسید کیا، فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے والے جوانوں کی جرات کو سلام، شہداء کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، شہداء کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Check Also

شرجیل میمن کا پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار

کراچی:سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *