اسلام آباد: توشہ خانہ فوجداری کیس میں عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کی درخواست پر سماعت

اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ فوجداری کیس میں بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کرنے کی متفرق درخواست پر سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس خادم حسین سومرو پر مشتمل بینچ نے کی۔

سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے بتایا کہ جیل سپرٹنڈنٹ کی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی گئی ہے، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ رپورٹ پہلے فریقین کو فراہم کی جانی چاہیے تھی۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے مطابق رپورٹ کے ساتھ پمز کی پریس ریلیز بھی منسلک کی گئی ہیں جو اخبارات میں رپورٹ ہو چکی ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا پہلے علاج جیل ہسپتال میں ہوا تھا اور بعد میں پمز اسپتال میں سیشن ہوا؟ اس پر بتایا گیا کہ جیل ہسپتال میں پمز کے ڈاکٹر نے طبی معائنہ کیا اور ڈاکٹر نے تجویز کیا کہ انجکشن ہسپتال میں لگایا جا سکتا ہے، اسی ضرورت کے تحت بانی پی ٹی آئی کو دو مرتبہ پمز منتقل کیا گیا۔

سماعت کے دوران لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ متفرق درخواست کے ساتھ فرینڈ آف کورٹ بیرسٹر سلمان صفدر کی رپورٹ بھی منسلک کی گئی ہے جو انہوں نے بطور فرینڈ آف کورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروائی تھی۔

اس موقع پر بیرسٹر اعتزاز احسن بھی عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ وکالت نامہ کی تصدیق نہیں کرانے دی جا رہی۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ عدالت اپیل سنے یا میڈیکل گراؤنڈ کی درخواست، جس پر عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کو اعتزاز احسن کا وکالت نامہ دستخط کروا کر جمع کرانے کی ہدایت دی۔

سردار لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سزا کے بعد بانی پی ٹی آئی اٹک جیل میں تھے جہاں انہیں عجیب صورتحال میں رکھا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ 2023 میں بانی کی جیل میں حالت کے حوالے سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی اور عدالت نے رپورٹ طلب کی تھی۔ تین سال بعد 2026 میں کیس سماعت کے لیے لگا جہاں انہوں نے عدالت کو بانی کی آنکھ کے مسئلے سے آگاہ کیا جبکہ حکومت پانچ دن تک انکار کرتی رہی اور بعد میں پریس ریلیز جاری کی۔

بانی کو شفا اسپتال منتقلی کی درخواست پر سماعت 12 مارچ تک ملتوی کردی گئی، سماعت دوران وکیل سردار لطیف کھوسہ کی جیل رولز کے حوالے سے تیاری نہ ہونے کی وجہ سے کیس کی مزید سماعت پرسوں تک ملتوی کی گئی۔

عدالت نے ہدایت دی کہ کھوسہ صاحب متعلقہ جیل رول بتائیں،سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ آپ کل کے لیے رکھ لیں میں عدالت کی معاونت کر دوں گا،جسٹس خادم حسین سومرو نے کہا کہ میں کل دستیاب نہیں ہوں صحت ٹھیک نا ہونے کے باوجود آج آیا ہوں ۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ آپ دونوں سائیڈز تیاری کرکے آئیں پرسوں آپ کو سن کر فیصلہ کریں گے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت بارہ مارچ تک ملتوی کر دی۔

Check Also

خیبرپختونخوا میں اسکول، کالجز اور جامعات جمعے اور ہفتے کو بند رکھنے کا حکم

خیبرپختونخوا حکومت نے ایندھن کے بحران اور بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر صوبے بھر کے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *