فاروق عبداللّٰہ پر فائرنگ کی کوشش کرنیوالا حملہ آور گرفتار، پہلا بیان سامنے آ گیا

جموں و مقبوضہ کشمیر میں ایک شادی کی تقریب کے دوران سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللّٰہ پر قاتلانہ حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 65 سالہ حملہ آور کمل سنگھ جموال تقریب کے دوران فاروق عبداللّٰہ کے قریب پہنچنے میں کامیاب ہوگیا اور اپنے لائسنس یافتہ پستول سے فائر کیا تاہم گولی نشانے پر نہ لگ سکی۔

واقعے کے فوراً بعد نیشنل سیکیورٹی گارڈ (این ایس جی) کے کمانڈوز نے حملہ آور کو قابو کر لیا جس کے باعث فاروق عبداللّٰہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور نشے کی حالت میں تھا اور موقع پر موجود لوگوں نے اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللّٰہ پر فائرنگ کی کوشش کرنے والے ملزم نے دورانِ تفتیش کسی قسم کی ندامت کا اظہار نہیں کیا، ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ گزشتہ 20 برس سے اس موقع کا انتظار کر رہا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق حملہ آور نے بتایا ہے کہ یہ اقدام اس کے ’ذاتی ایجنڈے‘ کا حصہ تھا، واقعے کے محرکات اور ملزم کے پس منظر سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے ملزم کے قبضے سے پستول برآمد کر لیا ہے اور ابتدائی تفتیش میں ملزم نے خود کو ایک نامعلوم تنظیم ’جاگرن منچ‘ کا چیئرمین بھی بتایا ہے۔

وزیر اعلیٰ عمر عبداللّٰہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اِن کے والد بال بال بچ گئے اور سیکیورٹی ٹیم کی فوری کارروائی نے حملہ ناکام بنایا۔

اُنہوں نے سوال اٹھایا کہ زیڈ پلس سیکیورٹی کے باوجود حملہ آور اِن کے والد کے اتنا قریب کیسے پہنچا جبکہ پولیس واقعے کے محرکات اور ممکنہ سیکیورٹی خامیوں کی تحقیقات کر رہی ہے۔

Check Also

ایران کی دھمکی: دبئی اور قطر میں امریکی بینک بند، ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث کئی بینکوں نے خلیجی ممالک میں اپنے دفاتر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *