ایران اور امریکا کے اسلام آباد میں مذاکرات: دارالحکومت قلعے میں تبدیل، شہر میں کئی سڑکیں بند

ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے امن مذاکرات کے تناظر میں دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کر دیے گئے ہیں۔

ایران اور امریکا کے وفود کی آمد کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی ڈویژن کے پانچ اضلاع میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سبزی منڈی، فیض آباد، ترنول اور کراچی کمپنی سمیت مختلف حساس علاقوں میں کارروائیاں کی ہیں، جبکہ راولپنڈی کے علاقوں پیرودھائی، نور خان ایئر بیس اور حاجی کیمپ میں بھی سرچنگ کا عمل جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اور عوامی تحفظ کے لیے یہ اقدامات مرحلہ وار جاری رہیں گے اور حساس مقامات کی نگرانی کے ساتھ ساتھ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر کوائف کی تصدیق کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی وفود کی نقل و حرکت کو محفوظ بنانے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ایک جامع ڈائیورشن پلان ترتیب دیا ہے، جس کے تحت 9 اور 10 اپریل کو اسلام آباد میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ریڈ زون کے تمام راستے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوں گے، تاہم شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستے فراہم کر دیے گئے ہیں۔

پولیس حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فیصل موڑ، چکری، چک بیلی اور روات روڈ استعمال کریں، جبکہ اسلام آباد سے راولپنڈی جانے والے شہری نائنتھ ایونیو کا راستہ اختیار کریں۔

اسی طرح بھارہ کہو سے راولپنڈی جانے والوں کو کورنگ، بنی گالہ اور لہتراڑ روڈ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ٹریفک پلان کے مطابق پشاور سے لاہور جانے والی ٹریفک ٹیکسلا موٹروے اور ترنول پھاٹک سے فتح جنگ روڈ استعمال کرے گی، جبکہ جی ٹی روڈ لاہور سے پشاور جانے والے مسافروں کو روات، چک بیلی اور چکری کے راستے بھیجا جائے گا۔

ایکسپریس وے پر زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک کا راستہ بھی عام ٹریفک کے لیے بند رہے گا، اور کرنل شیر خان روڈ سے آنے والوں کو نائنتھ ایونیو سگنل سے اسٹیڈیم روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ان تمام اقدامات کا مقصد بین الاقوامی وفود کی حفاظت اور مذاکرات کے لیے پرامن ماحول فراہم کرنا ہے، اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس اہم قومی فریضے کی انجام دہی میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

Check Also

کراچی، جنگ بندی کے باوجود لبنان پراسرائیلی حملوں کے خلاف نمائش چورنگی پر احتجاجی جلسہ

کراچی:شہر قائد کے علاقے نمائش چورنگی پر حکومت پاکستان کی ثالثی میں ایران اور امریکا …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *