وزیرِ اعلیٰ سندھ کی کراچی سیف سٹی پروجیکٹ فیز 2 کی منظوری

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی سیف سٹی پروجیکٹ فیز 2 کی منظوری دے دی۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت کراچی سیف سٹی پروجیکٹ فیز 2 کے حوالے سے اجلاس ہوا۔

اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ فیز 2 کے تحت شہر میں 2 ہزار 3 سو سے زائد اسمارٹ کیمرے نصب کیے جائیں گے جن میں 870 عمومی نگرانی کے لیے، 1 ہزار 300 آٹومیٹک نمبر پلیٹ ریکگنیشن اور چہرے کی شناخت سے لیس ہوں گے جبکہ 80 ٹریفک نفاذ، 56 موبائل سرویلنس یونٹس، 8 ٹریفک سگنل مانیٹرنگ کے لیے ہوں گے۔

یہ کیمرے کراچی کے مختلف اضلاع میں نصب کیے جائیں گے اور اس منصوبے کی مجموعی لاگت 9 اعشاریہ 98 ارب روپے ہے۔

منصوبے کی تکمیل آئندہ 12 ماہ کے دوران متوقع ہے، منصوبے کا باقاعدہ آغاز مئی 2026ء میں کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ منصوبہ بر وقت مکمل ہونا چاہیے کیوں کہ تاخیر سے لاگت میں اضافے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سندھ کے تمام سیف سٹی منصوبوں کو ایک مربوط نظام یعنی سندھ سیف سٹیز اتھارٹی کے ذریعے چلایا جائے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے سندھ سیف سٹی اتھارٹی کو تکنیکی عملے کی شفاف اور میرٹ پر بھرتی کی منظوری دے دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی کے علاوہ دیگر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں 780 کیمرے نصب کرنے پر 3 اعشاریہ 15 ارب روپے لاگت آئے گی، دیگر شہروں میں حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور شہید بینظیرآباد میں بھی سیف سٹی منصوبے شروع کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔

Check Also

کراچی کے علاقے نارتھ کراچی فاروق اعظم مسجد کے قریب فائرنگ کے واقعے میں سیاسی جماعت کا کارکن جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے۔ مقتول کی شناخت ریحان کے نام …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *