بھارت کے شہر چنئی میں جین انٹرنیشنل ٹریڈ آرگنائزیشن کے پروگرام “اِن کنورسیشن وِد دی مسٹک” کے دوران روحانی رہنما سدھ گرو اور بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کے درمیان والدین، خوف اور طرزِ زندگی پر ایک دلچسپ مکالمہ دیکھنے میں آیا۔
گفتگو کے دوران عالیہ بھٹ نے پریشان والدین کے لیے مشورہ طلب کیا، جس پر سدھ گرو نے کہا کہ حد سے زیادہ فکر کرنے والے والدین بہتر انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کر پاتے۔ ان کے مطابق ضرورت سے زیادہ پریشانی نہ صرف خود انسان کے لیے نقصان دہ ہوتی ہے بلکہ بچوں پر بھی اس کے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
سدھ گرو نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ بچوں کو صرف سکھانے کے بجائے ان سے سیکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے عالیہ سے سوال کیا کہ ان کی بیٹی زیادہ خوش ہے یا وہ خود، جس پر عالیہ نے جواب دیا کہ ان کی بیٹی زیادہ خوش رہتی ہے۔ اس پر سدھ گرو نے وضاحت کی کہ بچے زندگی کے زیادہ قریب ہوتے ہیں، اس لیے والدین کو چاہیے کہ وہ ان کے رویوں کا مشاہدہ کریں اور سادہ انداز میں جینا سیکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 3 سے 6 سال کی عمر کے بچے عموماً خوش مزاج اور بے فکر ہوتے ہیں، جبکہ بالغ افراد زندگی کو غیر ضروری طور پر پیچیدہ بنا لیتے ہیں، جس کے باعث خوش رہنا مشکل ہو جاتا ہے۔
نیند کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے سدھ گرو نے بتایا کہ وہ روزانہ تقریباً 4 سے 4.5 گھنٹے سوتے ہیں، جبکہ عالیہ بھٹ نے کہا کہ وہ 8 سے 9 گھنٹے نیند لیتی ہیں۔ اس پر سدھ گرو نے ہلکے پھلکے انداز میں تبصرہ کیا: “پھر آپ جیتی کب ہیں؟”
THE PUBLIC POST