برطانیہ: پاکستان ہائی کمیشن کا قونصلر خدمات کے فروغ کیلئے ویزا سروس معاہدہ

جیریز ویزا سروسز لمیٹڈ کو برطانیہ بھر میں قونصلر خدمات کی فراہمی کے لیے فسیلیٹیشن سینٹرز قائم کرنے کا واحد مجاز پارٹنر مقرر کر دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں پاکستان ہائی کمیشن لندن اور کمپنی کے درمیان باضابطہ معاہدے پر دستخط کر دیے گئے۔

یہ اقدام وزارتِ خارجہ پاکستان کی منظوری سے عمل میں لایا گیا ہے، جس کا مقصد برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے قونصلر خدمات کو مزید آسان، مؤثر اور قابلِ رسائی بنانا ہے۔

یہ پیش رفت برطانیہ میں آباد تقریباً بیس لاکھ پاکستانی نژاد افراد کو سہولیات کی بہتر فراہمی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ معاہدے کے تحت ملک بھر میں جدید سروس سینٹرز قائم کیے جائیں گے، جہاں اوورسیز پاکستانی ویزا، پاسپورٹ، نادرا سے متعلق دستاویزات اور دیگر تصدیقی خدمات بآسانی حاصل کر سکیں گے۔

اس موقع پر پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ یہ شراکت داری اوورسیز پاکستانیوں کو ترجیح دینے کے عزم کا عملی اظہار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجاز اداروں کے ذریعے قونصلر خدمات کو مختلف علاقوں تک توسیع دے کر طویل سفر کی زحمت کو کم کیا جا رہا ہے اور سہولیات کو تیز، محفوظ اور زیادہ مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس معاہدے کا ایک اہم مقصد برطانیہ میں غیر مجاز اور جعلی ویزا فسیلیٹیشن مراکز کے بڑھتے ہوئے رجحان کا خاتمہ بھی ہے، جو شہریوں سے بھاری فیس وصول کر کے انہیں دھوکہ دیتے ہیں۔ نئے نظام کے تحت شہریوں کے ذاتی کوائف کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا اور غیر منظور شدہ اداروں کو حساس معلومات تک رسائی سے روکا جائے گا۔

کمپنی کے چیئرمین افضل ولی محمد نے اس موقع پر کہا کہ اس اہم قومی منصوبے کے لیے بطور واحد مجاز پارٹنر انتخاب ان کے لیے اعزاز ہے، اور وہ برطانیہ بھر میں پاکستانی کمیونٹی کو عالمی معیار کی شفاف اور محفوظ خدمات فراہم کریں گے۔

پہلے فسیلیٹیشن سینٹر کا افتتاح مئی 2026 میں کیا جائے گا، جس کے بعد مرحلہ وار توسیع کے ذریعے اس نیٹ ورک کو برطانیہ کے تمام بڑے شہروں تک پھیلایا جائے گا۔ مراکز کے مقامات، دستیاب خدمات اور اپائنٹمنٹ کے طریقہ کار سے متعلق مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔

Check Also

کراچی ایئرپورٹ پر غیر ملکی کرنسی اسمگلنگ کی کوشش ناکام، 40 ہزار ڈالر برآمد

کسٹمز نے کینیڈا جانے والی فیملی سے بغیر ڈکلیئریشن امریکی کرنسی برآمد کر لی کراچی: …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *