وفاقی وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف سے قرض کی قسط جلد ملنے کی نوید سنا دی

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے قرض پروگرام کی آئندہ قسط کی منظوری متوقع ہے، جس کے تحت پاکستان کو تقریباً 1.3 ارب ڈالر جلد موصول ہونے کی امید ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ پروگرام میں کسی قسم کی توسیع یا ترمیم کی فوری ضرورت نہیں۔

واشنگٹن میں بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ نے کہا کہ اگر معاشی حالات میں مزید دباؤ آیا تو آئی ایم ایف سے دوبارہ رجوع کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بیرونی قرضوں کی بروقت ادائیگی اور مالی استحکام برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت فنڈنگ کے مختلف ذرائع پر غور کر رہی ہے، جن میں یورو بانڈ، سکوک اور کمرشل قرضے شامل ہیں، جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر اس وقت تقریباً 2.8 ماہ کی درآمدات کے مساوی ہیں۔

وزیرِ خزانہ کے مطابق پاکستان پہلی مرتبہ 25 کروڑ ڈالر کا پانڈا بانڈ جاری کرنے کی تیاری کر رہا ہے، جس کا مجموعی حجم ایک ارب ڈالر تک ہو سکتا ہے۔ اس منصوبے میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی معاونت بھی شامل ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران ترسیلاتِ زر 41.5 ارب ڈالر تک پہنچنے اور معاشی شرحِ نمو تقریباً 4 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس سے معیشت پر دباؤ بڑھا ہے۔ حکومت اسٹریٹجک پیٹرولیم ذخائر کے قیام پر غور کر رہی ہے، جبکہ ایل پی جی اور دیگر ایندھن کے ذخائر میں اضافے کے ساتھ ساتھ قابلِ تجدید توانائی کے فروغ پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

دورۂ امریکا کے دوران وزیرِ خزانہ نے جہاد اظہور اور پاکستان کے لیے آئی ایم ایف مشن ٹیم سے ملاقاتیں کیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے امریکی محکمہ خزانہ کے ڈپٹی انڈر سیکریٹری، سعودی فنڈ برائے ترقی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ماسٹر کارڈ کے چیف گلوبل افیئرز آفیسر سے بھی ملاقات کی۔

Check Also

’’کراچی میں رہنا ایسا ہے جیسے پیرس میں رہنا‘‘، شرمیلا فاروقی

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے کراچی کے حوالے سے ایک دلچسپ اور …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *