کینیڈا میں 27 سالہ بھارتی نژاد خاتون، امن پریت سینی کو بھارتی شہری نے بہیمانہ تشدد کے بعد قتل کر دیا۔
کینیڈین پولیس کے مطابق مقتولہ کی تشدد زدہ لاش صوبہ اونٹاریو کے علاقے لنکن کے ایک پارک سے برآمد ہوئی۔
نیاگرا ریجنل پولیس سروس نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ امن پریت قتل کا ملزم 27 سالہ منپریت سنگھ ہے جو برامپٹن کا رہائشی ہے، منپریت سنگھ امن پریت سینی کے قتل کے الزام میں مطلوب ہے۔
کینیڈین پولیس کے مطابق شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزم امن پریت کی لاش ملنے کے فوراً بعد کینیڈا سے فرار ہو گیا۔
ادارے نے ملزم کی تصویر جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ اگر منپریت سنگھ کہیں دکھائی دے تو فوراً 911 پر اطلاع دیں اور خود سے اس کے قریب نہ جائیں۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ منپریت سنگھ کا تعلق بھارتی ریاست پنجاب سے ہے اور وہ غالباً بھارت فرار ہو چکا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کینیڈین سیکیورٹی اداروں نے اس حوالے سے بھارتی اداروں سے رابطہ کیا تاکہ ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی جا سکے۔
THE PUBLIC POST