پاکستانی اداکارہ، میزبان اور گلوکارہ فضا علی نے اپنی متنازع ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد عوام سے باضابطہ معذرت کر لی ہے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ان کے پروگرام کا ایک مختصر ویڈیو کلپ گردش کر رہا تھا، جس میں ان کے شوہر اعجاز خان نے براہِ راست نشریات کے دوران انہیں کندھوں پر اٹھا لیا تھا۔
ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آیا، جبکہ سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس عمل کو تنقید کا نشانہ بنایا اور پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے پروگرام پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔
بعد ازاں فضا علی نے وضاحتی بیان میں مؤقف اختیار کیا کہ ویڈیو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، تاہم پیمرا کی جانب سے نوٹس موصول ہونے کے بعد انہوں نے عوام سے معافی مانگ لی۔
فیس بک پر جاری کردہ ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ مذکورہ لمحہ ایک غیر ارادی اور خوشگوار خاندانی نوعیت کا واقعہ تھا، جس کا کوئی منفی مقصد نہیں تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اس سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ اس پر معذرت خواہ ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ اپنے ناظرین کا احترام کرتی ہیں اور آئندہ بھی اپنے کام کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی کوشش جاری رکھیں گی۔
THE PUBLIC POST