آئی او بی ایم طلبا کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد کی شرکت
کراچی کے انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ (IoBM) میں طلبہ کے زیر اہتمام ایک پروقار سیمینار منعقد کیا گیا جس میں مسلم دنیا کے قائدین خصوصاً مزاحمتی تحریکوں کے رہنماؤں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ سیمینار میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اسکالرز، علما اور طلبا و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ کراچی ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو تاریخی، مضبوط اور برادرانہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں پاکستانی قوم کی جانب سے دی جانے والی اخلاقی و مالی حمایت کو ایرانی عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
جماعتِ اسلامی کے رہنما ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہید رہبر معظم کی قیادت میں مزاحمتی محور نے عالمی طاقتوں کے سامنے ڈٹ کر مظلوم اقوام کی آواز کو بلند کیا اور حق و باطل کا فرق دنیا پر واضح کر دیا۔
معروف عالم دین مولانا کاظم عباس نقوی نے قرآن کریم کی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جو قوم قرآنی اصولوں پر عمل پیرا ہو وہ ہر ظالمانہ نظام کا مقابلہ کر سکتی ہے۔
اس موقع پر مولانا نصرت عباس بخاری نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی، سائنس اور تحقیق کے میدان میں مہارت حاصل کرنی چاہیے تاکہ وہ فکری غلامی سے نکل کر خود انحصاری کی طرف بڑھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر ٹیکنالوجی میں ترقی ہی قوموں کی اصل طاقت ہوتی ہے۔
سیمینار کے دوران معروف نوحہ و منقبت خواں احمد ناصری نے شہدا کی یاد میں نذرانہ عقیدت پیش کیا جبکہ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول ﷺ سے ہوا۔ پروگرام کی میزبانی ولید شیخ نے انجام دی۔
اختتام پر فیکلٹی کی جانب سے معزز مہمانوں کو شیلڈز اور تحائف پیش کیے گئے۔ تقریب میں بریگیڈیئر (ر) پروفیسر محمد عباس اور شعبہ کھیل کے سربراہ حسن عرفان سمیت فیکلٹی ممبران اور بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔
THE PUBLIC POST