عیدالاضحیٰ سے قبل سبزیوں اور ہرے مصالحہ جات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دکانداروں کے مطابق ٹرانسپورٹ اخراجات اور طلب بڑھنے سے مہنگائی میں اضافہ ہوا

عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی شہر میں ہرے مصالحہ جات اور سبزیوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، جس کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں۔

مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے تک 60 روپے فی کلو فروخت ہونے والے ٹماٹر کی قیمت بڑھ کر 120 روپے سے تجاوز کرگئی ہے، جبکہ لیموں 500 روپے فی کلو تک جا پہنچا ہے۔ اسی طرح ادرک اور لہسن کی قیمتیں بھی 550 سے 600 روپے فی کلو تک فروخت کی جارہی ہیں۔

سبز مرچ کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور یہ 60 روپے سے بڑھ کر 100 روپے فی پاؤ فروخت ہورہی ہے۔ دھنیے اور پودینے کی گڈی بھی عام دنوں کے مقابلے میں دگنی قیمت پر دستیاب ہے۔

قربانی کے گوشت کو گلانے کے لیے استعمال ہونے والا کچا پپیتا بھی مہنگا ہوگیا ہے اور 150 سے 200 روپے فی کلو فروخت کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب سلاد میں استعمال ہونے والی اشیاء بھی شہریوں کی پہنچ سے دور ہونے لگی ہیں۔ کھیرا 150 روپے فی کلو، ککڑی 200 روپے فی کلو جبکہ سلاد پتہ 100 روپے فی پاؤ تک فروخت کیا جارہا ہے۔

سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ اور سبزیوں کی ترسیل کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ عید کے باعث طلب بڑھنے اور رسد کم ہونے سے سبزی منڈی کی سطح پر بھی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

Check Also

شاہ لطیف ٹاؤن پولیس کی صالح محمد گوٹھ میں کارروائی،زیرِ زمین ٹینک سے لاکھوں روپے مالیت کی چھالیہ برآمد،

کراچی میں پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران چھالیہ اور انڈین گٹکے کی غیر قانونی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *