قائداعظم کی تصویر کرنسی نوٹوں سے ہٹا دینی چاہیے، معروف اداکار شہزاد نواز

کراچی: معروف اداکار شہزاد نواز نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں پاکستانی کرنسی نوٹوں سے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر ہٹا دی جائے کیونکہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی کرپشن اور بدعنوانی کے تناظر میں یہ صورتحال انہیں نامناسب محسوس ہوتی ہے۔

حال ہی میں اداکار علی سفینہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں شہزاد نواز نے ملکی حالات اور سماجی رویوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ اختیار ان کے پاس ہوتا تو وہ تمام کرنسی نوٹوں سے قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر ہٹا دیتے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ رشوت لیتے اور دیتے ہیں، فراڈ کرتے ہیں اور مختلف کرپٹ سرگرمیوں میں ملوث ہوتے ہیں، جبکہ انہی نوٹوں پر قائداعظم کی تصویر موجود ہوتی ہے۔ ان کے بقول ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے قائداعظم یہ سب کچھ دیکھ رہے ہوں، جو افسوسناک بات ہے۔

شہزاد نواز نے کہا کہ اگر کرنسی نوٹوں کی اسی طرح بے توقیری ہوتی رہی تو پھر ان پر تصویر موجود ہونے کا مقصد کیا رہ جاتا ہے۔ انہوں نے سابق صدر جنرل ضیاء الحق کے دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس زمانے میں کرنسی نوٹوں پر “رزقِ حلال عین عبادت ہے” جیسی عبارت شامل کی گئی تھی، جو ایک مثبت اور تعمیری پیغام تھا۔

اداکار کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، جہاں بعض صارفین نے ان کی رائے سے اتفاق کیا جبکہ بعض نے اس مؤقف سے اختلاف کرتے ہوئے اسے ذاتی نقطۂ نظر قرار دیا ہے۔

Check Also

جامعہ کراچی میں امتحانی بائیکاٹ برقرار،اساتذہ حکومتی یقین دہانیوں سے مطمئن نہ ہو سکے

کراچی: جامعہ کراچی میں گزشتہ ایک ماہ سے جاری امتحانی عمل کے بائیکاٹ کو ختم …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *