بھارتی شہر پونے کے ایک معروف شاپنگ مال میں فلم ’کاک ٹیل ٹو‘ کی تشہیری تقریب اس وقت غیر متوقع طور پر افراتفری کا شکار ہو گئی جب اداکاروں کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے مداحوں کا بڑا ہجوم امڈ آیا۔
تقریب میں موجود ستاروں میں شاہد کپور، کریتی سینن اور رشمیکا مندانا شامل تھے، جو اپنی آنے والی فلم کی پروموشن کے سلسلے میں مختلف شہروں کا دورہ کر رہے ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں پروگرام خوشگوار ماحول میں جاری رہا، جہاں فنکاروں نے مداحوں کے ساتھ گفتگو کی اور پونے کی مشہور اسٹریٹ فوڈ ڈش ’وڑا پاؤ‘ بھی کھائی، جس کی ویڈیوز بعد ازاں سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں۔
تاہم تقریب کے اختتام پر صورتحال اچانک قابو سے باہر ہو گئی۔ مداحوں کی بڑی تعداد اسٹیج کے قریب پہنچنے لگی، جس کے باعث ہجوم میں دھکم پیل شروع ہو گئی اور لوگ ایک دوسرے پر گرنے لگے۔ عینی شاہدین کے مطابق سیکیورٹی انتظامات اس دباؤ کو سنبھالنے میں ناکام نظر آئے، یہاں تک کہ حفاظتی رکاوٹیں بھی توڑ دی گئیں۔
حالات بگڑتے دیکھ کر منتظمین نے فوری طور پر تقریب مختصر کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ فنکاروں کو محفوظ طریقے سے باہر نکالا جا سکے۔ اس دوران اداکار شاہد کپور بھی ہجوم کے درمیان راستہ بنانے کی کوشش کرتے دکھائی دیے، جبکہ کریتی سینن مسلسل اپنی ساتھی اداکارہ رشمیکا مندانا کے ساتھ موجود رہیں اور انہیں بھیڑ سے محفوظ رکھنے کے لیے قریب رکھ کر آگے بڑھتی رہیں۔
کریتی سینن کے اس حفاظتی انداز نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی ہے۔ صارفین کی بڑی تعداد نے ان کے رویے کو سراہتے ہوئے اسے ایک ذمہ دار اور خیال رکھنے والی ساتھی کا عمل قرار دیا۔ کئی مداحوں نے انہیں بڑی بہن جیسا کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
دوسری جانب کچھ صارفین نے انتظامی غفلت پر بھی سوالات اٹھائے ہیں کہ اتنے بڑے ہجوم کو سنبھالنے کے لیے مناسب حفاظتی اقدامات کیوں نہیں کیے گئے۔
واضح رہے کہ ’کاک ٹیل ٹو‘ سال 2012 کی مشہور فلم ’کاک ٹیل‘ کا سیکوئل ہے، جس کی کہانی محبت کے ایک مثلث کے گرد گھومتی ہے۔ یہ فلم 19 جون 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
THE PUBLIC POST