بلال اشرف اور مایا علی کی فلم ”خان تمہارا “جلد سنیما گھروں کی زینت بنے گی

فلم “خان تمہارا” جلد سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ ہم ٹی وی فلمز کے بینر تلے بننے والی اس فلم میں شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی بلال اشرف اور مایا علی مرکزی کرداروں میں جلوہ گر ہوں گے۔

فلم کا اعلان ہوتے ہی شائقین میں اس کے حوالے سے خاصی دلچسپی پیدا ہو گئی تھی، جبکہ ٹیزر ریلیز ہونے کے بعد اس جوش و خروش میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا۔

فلم کی ہدایت کاری معروف ہدایتکار احتشام الدین نے کی ہے، اس کی کہانی اور مکالمے نامور لکھاری مصطفیٰ آفریدی نے تحریر کیے ہیں۔ فلم کو ایم ڈی پروڈکشنز کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے اور اسے پاکستانی سینما کی بڑی پروڈکشنز میں شمار کیا جا رہا ہے۔

“خان تمہارا” ایکشن سے بھرپور کہانی ہے جس میں ہمت، جدوجہد، محبت اور انتقام جیسے جذبات کو نمایاں کیا گیا ہے۔ فلم کے ٹیزر میں بلال اشرف کے کردار “یوسف خان” کی جھلک دکھائی گئی ہے جو ناانصافی اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے والے مضبوط کردار کے طور پر سامنے آتا ہے۔

فلم میں مایا علی بھی منفرد اور مضبوط کردار میں نظر آئیں گی۔ شائقین کا ماننا ہے کہ یہ کردار مایا علی کے ماضی کے کرداروں سے مختلف اور زیادہ ایکشن سے بھرپور ہو گا۔

فلم کی ایک اور نمایاں خصوصیت اس کے ایکشن سیکوئنسز ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کے ایکشن مناظر کی تیاری کے لیے عالمی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات حاصل کی گئیں۔ ہالی ووڈ کے ایکشن ڈائریکٹرز اور ماہرین نے پاکستانی عملے کے ساتھ مل کر فلم کے لیے جدید طرز کے ایکشن سین تخلیق کیے۔

رپورٹس کے مطابق بلال اشرف نے فلم کے بیشتر اسٹنٹس خود انجام دیے ۔ فلم سازوں کا کہنا ہے کہ “خان تمہارا” صرف ایک ایکشن فلم نہیں بلکہ جذبات، رشتوں اور قربانیوں کی کہانی بھی ہے جو ناظرین کو شروع سے آخر تک اپنی گرفت میں رکھے گی۔

اگرچہ خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث فلم کی ریلیز عارضی طور پر مؤخر کر دی گئی ہے، تاہم فلم سازوں نے یقین دلایا ہے کہ “خان تمہارا” جلد سنیما گھروں میں پیش کی جائے گی۔ شائقین اب نئی ریلیز تاریخ کے اعلان کے منتظر ہیں اور امید کر رہے ہیں کہ بلال اشرف اور مایا علی کی یہ فلم پاکستانی سینما میں یادگار اضافہ ثابت ہو گی۔

Check Also

“کنواری ماں” صرف ڈرامہ نہیں، معاشرے کا آئینہ ہے، سید ریحان احمد

کراچی (شوبز رپورٹر) “کنواری ماں” نے یہ ثابت کر دیا کہ تھیٹر صرف تفریح کا …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *