پاکستان کی معروف لوک اور پلے بیک گلوکارہ شازیہ منظور نے ایک ٹی وی پروگرام کے دوران سوشل میڈیا پر مقبول شخصیت چاہت فتح علی خان کے حوالے سے ایسا دلچسپ تبصرہ کیا کہ حاضرین سمیت میزبان بھی اپنی ہنسی نہ روک سکے۔
پروگرام کے دوران ایک خاتون نے شازیہ منظور سے سوال کیا کہ اگر انہیں چاہت فتح علی خان کے ساتھ ڈوئیٹ گانا گانے کی پیشکش ہو تو وہ کیا کریں گی؟ اس سوال پر شازیہ منظور پہلے مسکرائیں اور پھر مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ خود بھی اس سوال پر پریشان ہو گئی ہیں اور سمجھ نہیں پا رہیں کہ اس کا کیا جواب دیا جائے۔
انہوں نے ہاتھ جوڑتے ہوئے ہنستے ہنستے کہا کہ انہیں معاف کر دیا جائے، جبکہ مزید مزاح کا رنگ بھرتے ہوئے کہا کہ شاید چاہت فتح علی خان کو ہی سب لوگوں کو معاف کر دینا چاہیے۔
شازیہ منظور کی حاضر جوابی پر پروگرام میں موجود شرکا اور میزبان زوردار قہقہے لگانے پر مجبور ہو گئے اور یہ لمحہ شو کی نمایاں جھلکیوں میں شامل ہو گیا۔
گفتگو کے دوران میزبان نے ان سے یہ بھی پوچھا کہ کیا وہ کبھی ذاتی طور پر چاہت فتح علی خان سے ملی ہیں؟ اس پر شازیہ منظور نے فوراً جواب دیا، ’’اللہ معاف کرے‘‘، اور واضح کیا کہ ان کی کبھی ان سے ملاقات نہیں ہوئی۔
تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ سوشل میڈیا پر چاہت فتح علی خان کی ویڈیوز دیکھتی رہتی ہیں اور اکثر ان کی پوسٹس پر تبصرے بھی کرتی ہیں۔
شازیہ منظور کا یہ دلچسپ اور برجستہ ردعمل سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جہاں صارفین ان کی حسِ مزاح اور حاضر جوابی کو خوب سراہ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ شازیہ منظور پاکستان کی معروف گلوکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور کئی دہائیوں سے اپنی منفرد آواز اور یادگار گیتوں کے ذریعے موسیقی کے شائقین کے دلوں میں جگہ بنائے ہوئے ہیں۔
THE PUBLIC POST