بلوچستان حکومت نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جو یکم محرم سے 10 محرم الحرام تک مؤثر رہے گی۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق محرم کے دوران اشتعال انگیز، فرقہ وارانہ اور نفرت انگیز مواد کی تشہیر پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ سوشل میڈیا سمیت تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نفرت آمیز مواد کی اشاعت اور تشہیر بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔
حکومت نے اسلحہ اور گولہ بارود کی نمائش، عوامی مقامات پر اسلحہ لے جانے اور حساس مقامات و جلوسوں تک مشتبہ افراد کی رسائی محدود رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اس کے علاوہ جلوسوں کے راستوں اور عوامی مقامات پر پیشہ ور بھکاریوں کی موجودگی پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق کوئٹہ میں محرم الحرام کے دوران موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ ضلع سے باہر لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے لیے پیشگی اجازت حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مزید برآں، جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں اور بالکونیوں میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ کوئٹہ اور نصیرآباد میں وال چاکنگ، بینرز، پوسٹرز اور پمفلٹس آویزاں کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
حکومت بلوچستان نے خبردار کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 سمیت دیگر متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنرز، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ یہ بھی پڑھیں : استعمال شدہ امپورٹڈگاڑیوں پر ریگولیٹری ڈیوٹی کم کرنے اور پابندی ختم کرنے کا فیصلہ
THE PUBLIC POST