عدالتوں میں صرف کارروائیاں ہورہی ہیں ہمیں معلوم ہے انصاف نہیں ملے گا، علیمہ خان

راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے علیمہ خان کے خلاف 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمہ میں وکیل صفائی کی جانب سے 342 کا بیان جمع کرانے کے لیے مہلت کی استدعا منظور کرلی، مقدمہ کی مزید سماعت 3 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔

تھانہ صادق آباد میں درج مقدمہ میں نامزد ملزمہ علیمہ خان اپنے وکیل فیصل ملک کے ہمراہ عدالت پیش ہوئیں۔ وکیل صفائی نے 342 کا بیان جمع کرانے کیلئے عدالت سے مہلت مانگتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ سوالنامہ کے جواب کے ساتھ ہم نے کچھ دستاویزات بھی پیش کرنی ہیں جس پر عدالت نے علیمہ خان کے وکیل کی استدعا منظور کرلی جبکہ آئندہ سماعت پر مقدمہ میں نامزد تین ملزمان کے 342 کے بیانات بھی طلب کر لیے۔

اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے مقدمہ کی مزید سماعت جمعہ 3 جولائی تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ عدالت نے علیمہ خان کو 37 سوالات پر مشتمل سوالنامہ گزشتہ سماعت پر فراہم کیا تھا۔

عدالت کے باہر گفت گو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عدالتوں میں صرف کارروائیاں ہورہی ہیں ہمیں کسی عدالت سے انصاف نہیں ملنا یہ ہمیں پتہ ہے، ہم ان کے تمام جرائم، آئینی و قانونی خلاف ورزیاں صرف ریکارڈ پر لارہے ہیں، 26 اور 27 ویں ترامیم سے عدالتیں حکومتی ماتحت ادارہ بن چکی ہیں، ہمیں وزیر داخلہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ عدالت سے دو ہفتوں کا وقت لے کر دیتے ہیں بادشاہ سلامت وزیر داخلہ خود کہتے ہیں عدالتوں نے کب سزا اور کب ریلیف دینا ہے؟ فیصلہ ہمیں کرنا ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں نورین خان سے ایک رسمی ملاقات کرائیں پھر 6 ماہ بانی کو قید تنہائی میں ڈال دیں، ہم بھائی سے رسمی ملاقات نہیں ان کے تمام آئینی حقوق بحالی چاہتے ہیں جس نے گرفتار کرنا، سزا دینی ہے دے دی، ڈٹے رہیں گے، ان سب نے تو مشکل وقت پر پہلے جہاز سے بیرون ملک بھاگ جانا ہے، محسن نقوی نے پیغام بھیجا نورین خان درخواست دے جمعرات کو ہی ملاقات کرا دیں گے ہم بھائی کے تمام حقوق بحالی مطالبہ کرتے ہیں پارٹی بھی یہی موقف اختیار کرے۔

علیمہ خان نے کہا کہ ہر جمہوری ملک میں پُرامن احتجاج آئینی قانونی حق ہوتا ہے، ہم اپنے مطالبات پر کھڑے تھے، کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔

میڈیا سے گفت گو میں وکیل صفائی فیصل ملک نے کہا کہ علیمہ خان کے صفائی کے بیان کے ساتھ دستاویزات و ریکارڈ لگا رہے ہیں، محسن نقوی، عطاء تارڑ، عظمیٰ بخاری کو بطور گواہ طلبی ہائی کورٹ اپیل دائر کر رہے ہیں، بادی النظر میں علیمہ خان کے خلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔

Check Also

وفاق نے 175 ارب روپے کی جگہ صرف 91 ارب روپے جاری کیے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نظرثانی شدہ بجٹ تخمینوں کے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *