لاہور: پاکستان ویمنز سلیکشن کمیٹی نے سری لنکا کے خلاف آئندہ ون ڈے اور ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کے لیے 15،15 رکنی قومی اسکواڈز کا اعلان کر دیا۔
پاکستان اور سری لنکا ویمنز ٹیموں کے درمیان ون ڈے اور ٹی 20 سیریز 23 جولائی سے 4 اگست تک ہمبنٹوٹا میں کھیلی جائے گی۔
ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت فاطمہ ثنا کریں گی، جبکہ ٹی 20 سیریز میں ان کی عدم دستیابی کے باعث منیبہ علی صدیقی کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ فاطمہ ثنا ون ڈے سیریز کے بعد انگلینڈ میں ہونے والی معروف فرنچائز لیگ دی ہنڈرڈ میں شرکت کریں گی اور اس لیگ میں کھیلنے والی پاکستان کی پہلی خاتون کرکٹر بن جائیں گی۔
فاطمہ ثنا نے حال ہی میں آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ میچوں میں 11 وکٹیں حاصل کیں اور 85 رنز بھی اسکور کیے، جس کے باعث انہیں ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیم میں بھی شامل کیا گیا۔
سلیکشن کمیٹی نے ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ کے مقابلے میں 8 تبدیلیاں کرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے۔
ٹی20 اسکواڈ میں ایمان نذیر، حمنہ بلال، ماہم انیس، مومنہ ریاست، ناجیہ علوی، شوال ذوالفقار، امِ ہانی اور وحیدہ اختر کو شامل کیا گیا ہے۔ ان میں ایمان نذیر، ماہم انیس اور مومنہ ریاست کو ٹی 20 انٹرنیشنل میں ڈیبیو کا موقع مل سکتا ہے۔
سری لنکا کے خلاف 3 ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 29-2025 کا حصہ ہوں گے۔ ون ڈے اسکواڈ میں ماہم انیس اور سائرہ جبین بھی شامل ہیں، جنہیں ون ڈے انٹرنیشنل میں ڈیبیو کا موقع مل سکتا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے میچز 23، 25 اور 28 جولائی کو کھیلے جائیں گے، جبکہ پاکستان ویمنز ٹیم 20 جولائی کو سری لنکا روانہ ہو گی اور 21 اور 22 جولائی کو ٹریننگ سیشنز میں حصہ لے گی، جس کے بعد سیریز کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔
THE PUBLIC POST