راولپنڈی:اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی سے آج ملاقات کا دن مقرر ہے جس کے لیے پارٹی قیادت قانونی ٹیم اور اہل خانہ نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے بانی چیئرمین سے ملاقات کے لیے چھ وکلاء اور پارٹی رہنماؤں پر مشتمل فہرست اڈیالہ جیل حکام کو ارسال کر دی ہے فہرست میں بیرسٹر گوہر خان ،سلمان اکرم راجہ ،راجہ متین ،قاضی نورالسلام ،فتح اللہ برکی اور شعیب الیاس کے نام شامل ہیں جو آج اڈیالہ جیل پہنچ کر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی کو پارٹی کی مجموعی سیاسی صورتحال تنظیمی معاملات عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات آئندہ قانونی حکمت عملی اور دیگر اہم امور پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ پارٹی کی آئندہ سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی مشاورت متوقع ہے۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان سمیت دیگر بہنیں بھی مقررہ ملاقاتی دن کے موقع پر اڈیالہ جیل آئیں گی تاکہ اپنے بھائی سے ملاقات کر سکیں۔
ادھر سابق خاتون اول بشریٰ بی بی سے ملاقات کے لیے بھی ان کے اہل خانہ اور قانونی نمائندے رائے سلمان کے اڈیالہ جیل پہنچنے کا امکان ہے۔ جیل حکام کی جانب سے ملاقاتوں کے لیے سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقاتیں جیل انتظامیہ کے مقررہ شیڈول اور عدالتی احکامات کے مطابق کرائی جاتی ہیں جبکہ ہر ملاقات سے قبل جیل حکام کی جانب سے منظور شدہ فہرست کے مطابق ہی افراد کو ملاقات کی اجازت دی جاتی ہے۔ اس سلسلے میں جیل کے اطراف سیکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کیے جانے کا امکان ہے
THE PUBLIC POST