کراچی: سندھ میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے ہونے والے ایم ڈی کیٹ 2026 کے امتحان کی تاریخ اور امتحانی مراکز کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا۔
سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا انعقاد 16 اگست بروز اتوار کو کیا جائے گا، امتحان سکھر آئی بی اے ٹیسٹنگ سروسز کی نگرانی میں منعقد ہوگا۔
صوبے بھر کے امیدواروں کی سہولت کیلئے کراچی، حیدر آباد، جام شورو، لاڑکانہ، سکھر، میر پور خاص، شہید بینظیر آباد اور اسلام آباد میں امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں تاکہ امیدوار آسانی سے اپنے مقررہ مراکز پر امتحان دے سکیں۔
کراچی میں امتحان این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں لیا جائے گا، جبکہ حیدر آباد میں پبلک اسکول لطیف آباد کو امتحانی مرکز مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح جام شورو میں لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، میر پور خاص میں میر شیر محمد ٹالپر پبلک اسکول، لاڑکانہ میں پولیس ٹریننگ اسکول گراؤنڈ واگن روڈ، شہید بینظیر آباد میں قائدِ عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور سکھر میں آئی بی اے پبلک اسکول اولڈ ایئرپورٹ روڈ کو امتحانی مراکز کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
سیبا ٹیسٹنگ سروسز نے بتایا کہ اسلام آباد منتقل ہونے والے سندھ کے مستقل رہائشی امیدواروں کیلئے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایسے امیدوار پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹسکے ٹیسٹ سینٹر میں ایم ڈی کیٹ کا امتحان دے سکیں گے۔
اعلامیے کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا دورانیہ تین گھنٹے ہوگا اور تمام امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت سے پہلے اپنے امتحانی مراکز پہنچیں۔ امتحان شروع ہونے کے بعد قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا اور امتحان مکمل ہونے سے قبل کسی بھی امیدوار کو امتحانی ہال سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
THE PUBLIC POST