بالی ووڈ کی معروف اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور اداکار رنویر سنگھ نے دوسری بار والدین بننے کے اعلان کے بعد پہلی مرتبہ عوامی سطح پر ایک ساتھ نظر آ کر مداحوں کی توجہ حاصل کر لی۔
رپورٹس کے مطابق دونوں کو 28 اپریل کو ممبئی ایئرپورٹ پر دیکھا گیا، جہاں وہ حمل کی خوشخبری کے بعد پہلی بار میڈیا کے سامنے آئے۔
اس سے قبل 19 اپریل کو جوڑی نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی دوسری اولاد کی آمد کی خبر شیئر کی تھی، جسے مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔
روایتی گلیمر کے برعکس اس موقع پر دونوں نے سادہ انداز اپنایا۔ دیپیکا پڈوکون نیلے آرام دہ لباس اور پیلے جوتوں میں دکھائی دیں جبکہ رنویر سنگھ کیژول لباس میں نظر آئے۔ رنویر کو دیپیکا کا خیال رکھتے اور ان کی مدد کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
یہ جوڑی 2018 میں اٹلی کے مقام لیک کومو میں شادی کے بندھن میں بندھی تھی۔ ان کی پہلی بیٹی دعا پڈوکون سنگھ ستمبر 2024 میں پیدا ہوئی تھی، جبکہ دوسری خوشخبری نے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔
دوسری جانب دیپیکا پڈوکون حمل کے باوجود اپنے پیشہ ورانہ منصوبوں میں مصروف ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہدایتکار ایٹلی اپنی نئی فلم “راکا” کے شیڈول میں تبدیلیاں کر رہے ہیں تاکہ اداکارہ کی صحت کو مدنظر رکھا جا سکے، جبکہ فلم میں الو ارجن بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
THE PUBLIC POST