کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش شروع

کراچی کے علاقوں سرجانی ٹاؤن، گلشن معمار اور اطراف میں بارش شروع ہو گئی ہے۔

نجی موسمیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ کراچی کے شمال مشرقی حصوں پر بادل بننے کا عمل شروع ہو چکا ہے، اگلے 3 سے 4 گھنٹوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے

نجی موسمیاتی ادارے نے کہا ہے کہ شہر کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں بارش کی شدت زیادہ ہو سکتی ہے۔

ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوبی مدھیہ پردیش پر موجود ہوا کا شدید کم دباؤ مزید کمزور ہو گیا ہے، یہ سسٹم واضح ہوا کے کم دباؤ کی صورت میں راجستھان کے قریب موجود ہے۔

ماہرین موسمیات نے بتایا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ سسٹم مزید کمزور ہو سکتا ہے، سسٹم کے زیرِ اثر بحیرۂ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی ملک کے شمالی علاقوں پر اثر انداز ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں اس سسٹم کے زیرِ اثر آج دوپہر یا شام سے 3 اگست کے دوران بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ سسٹم کے زیرِ اثر تھرپارکر، عمرکوٹ اور مٹھی میں 3 اگست تک وقفے وقفے سے آندھی اور گرج کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ سانگھڑ ، حیدر آباد اور دیگر ملحقہ علاقوں میں بھی 3 اگست تک وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں کے باعث سکھر، شہید بینظیر آباد، حیدر آباد، بدین، سانگھڑ، خیر پور، مٹیاری، میر پور خاص، عمر کوٹ، ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈوالہٰیار کے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید بارش، تیز آندھی اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچ سکتا ہے، کسان موسمی صورتِ حال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کریں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے، زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں کم سے کم درجۂ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی میں سمندری ہوائیں 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 82 فیصد ہے۔

Check Also

بڑے باپ کا بیٹا ہونے کے باوجودمشکلات کا سامنا رہا، عارف لوہار

کراچی: بین الاقوامی شہرت یافتہ فوک سنگر عارف لوہار نے کہا ہے کہ اتنے بڑے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *