پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی رابطے مزید بڑھا دیے ہیں۔ اسی سلسلے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ تہران روانہ ہوں گے، جہاں ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق یہ دورہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا حصہ ہے۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق دورے کے دوران امریکی حکام کے اہم پیغامات بھی ایرانی قیادت تک پہنچائے جا سکتے ہیں۔ مقصد ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور سفارتی رابطوں کی بحالی کے لیے راستہ ہموار کرنا ہے۔
دورے سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب واشنگٹن کی جانب سے ایران پر دباؤ بڑھانے کے اشارے دیے جا رہے ہیں، جبکہ تہران نے بھی دباؤ کے سامنے جھکنے سے انکار کیا ہے۔ پاکستان کی نئی سفارتی کوششوں کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
THE PUBLIC POST