کراچی: این سی سی آئی اے نے شاہراہ فیصل پر مبینہ اسکیم سینٹر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سائبر فراڈ میں ملوث ہونے کے الزام میں 47 افراد کو گرفتار کرلیا۔
آذان انٹرپرائزز کے نام سے چلنے والا مبینہ اسکیم سینٹر ٹیکنالوجی پارک کی چوتھی منزل پر قائم تھا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان دھوکا دہی پر مبنی فون کالز کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کی بینکنگ معلومات حاصل کرکے مالی فراڈ کرتے تھے۔ ملزمان پر غیر ملکی شہریوں کی مالی معلومات کا غلط استعمال کرنے کا بھی الزام ہے۔
کارروائی کے دوران 50 لیپ ٹاپ، 26 موبائل فون، ایک ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر اور دیگر ڈیجیٹل آلات برآمد کیے گئے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق اس کارروائی میں مجموعی طور پر 52 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں سے 47 گرفتار جبکہ 5 تاحال مفرور ہیں۔ گرفتار اور مفرور ملزمان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 116/2026 درج کی گئی ہے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
یہ کارروائی ڈی جی این سی سی آئی اے علی ناصر رضوی کی ہدایات پر کی گئی۔ این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم اور آن لائن مالی فراڈ کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
THE PUBLIC POST