وزیراعظم شہباز شریف نے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد نہ صرف انسانیت بلکہ بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، جو معاشرے کے امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کی راہ میں بڑی رکاوٹ بنتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئین پاکستان واضح طور پر خواتین کی عزت و تکریم اور ان کے مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، جبکہ ہمارے معاشرے میں خواتین کو مختلف مواقع پر امتیازی سلوک اور مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر خواتین پر تشدد کے خاتمے کے اہم مقصد کو اُجاگر کرنے اور اس جدوجہد کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی آواز بلند کر رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم متحد ہو کر ہر سطح پر خواتین پر تشدد کے خلاف کوششیں جاری رکھیں۔
نہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے پالیسی، قانون سازی، انتظامی اور ادارہ جاتی سطح پر متعدد اقدامات کر رہی ہے اور عالمی سطح پر کیے گئے معاہدوں کی پابندی کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست خواتین کے حقوق کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی تاکہ ایک محفوظ، منصفانہ اور بااختیار معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
THE PUBLIC POST