ڈبلیو ڈبلیو ای کے معروف سپر اسٹار اور 17 مرتبہ عالمی چیمپئن رہنے والے جان سینا 2 نومبر کو بروکلین میں ہونے والے ’را‘ ایونٹ میں واپسی کریں گے جہاں وہ ایک اہم اعلان بھی کرنے والے ہیں۔
ڈبلیو ڈبلیو ای نے پیر کی شب جان سینا کی واپسی کی تصدیق کی جبکہ جان سینا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے مداحوں کو اگلے شو سے محروم نہ ہونے کی ہدایت کی۔
ان کے مطابق طویل انتظار ختم ہونے والا ہے اور کئی قیاس آرائیوں کا جواب 2 نومبر کو سامنے آئے گا۔
جان سینا کے اس اعلان کو مئی میں متعارف کرائے گئے ممکنہ نئے ٹورنامنٹ ’جان سینا کلاسک‘ سے جوڑا جا رہا ہے۔
اس ایونٹ میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے موجودہ ریسلرز کے ساتھ این ایکس ٹی کے ابھرتے ہوئے ستارے بھی حصہ لیں گے۔
جان سینا پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ اس ٹورنامنٹ کے لیے ایک نئی چیمپئن شپ متعارف کرائی جائے گی۔
اس مقابلے کا فاتح شائقین کے ووٹوں سے منتخب ہوگا جس سے مداحوں کو فیصلہ کن کردار ملے گا۔
تاہم اب تک ٹورنامنٹ کی تاریخ، مقام، مقابلے میں شرکت کے طریقہ کار اور نئی چیمپئن شپ کے ڈیزائن سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
اب تمام نظریں 2 نومبر کے ’را‘ ایونٹ پر مرکوز ہیں جہاں جان سینا کے اعلان سے ڈبلیو ڈبلیو ای کے مستقبل کے ایک نئے ایونٹ کے بارے میں اہم تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔
THE PUBLIC POST