لاہور ہائیکورٹ کا نورین نیازی سے بیٹیوں کی ملاقات کرانے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن نورین نیازی کی دونوں بیٹیوں کو کل والدہ سے ملاقات کرانے کا حکم دے دیا۔

عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو ستمبر میں پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) آرڈیننس 1960 کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔ یہ گرفتاریاں پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد کی طرف احتجاجی مارچ کی تیاریوں کے دوران عمل میں آئی تھیں۔

علیمہ خان کو 20 ستمبر جبکہ نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو 21 ستمبر کو 30 روز کے لیے حراست میں لیا گیا تھا۔ بعد ازاں پنجاب حکومت نے ڈپٹی کمشنر لاہور کی سفارش پر علیمہ خان، نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی نظر بندی میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی تھی۔

جسٹس عبہر گل خان نے نورین نیازی کی بیٹیوں سکینہ اور شاہ ریز کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی نظر بندی کے نوٹیفکیشن میں توسیع کے معاملے پر ڈپٹی کمشنر لاہور کو 4 نومبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

عدالت نے ہدایت کی ہے کہ دونوں بیٹیوں کی والدہ سے ایک گھنٹے کی ملاقات یقینی بنائی جائے، وکیل ملاقات سے متعلق ڈی سی لاہور کو درخواست دے گا۔

دورانِ سماعت حکومت پنجاب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نورین نیازی کو طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کا علاج کیا گیا۔ ڈاکٹرز کی ہدایت پر انہیں دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

عدالتی حکم پر سیکرٹری داخلہ پنجاب نے بھی اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ عدالت نے علیمہ خان کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر بھی ڈی سی سے 4 نومبر کو جواب طلب کر لیا، جبکہ علیمہ خان کی نظر بندی میں توسیع کے خلاف درخواست پر سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔

خیال رہے عمران خان کی بہنوں نے نظر بندی کے احکامات کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ گرفتاریوں اور نظر بندی میں توسیع کے احکامات غیر قانونی ہیں اور زیر حراست خواتین کو اہل خانہ اور وکلا سے ملاقات کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔

اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے جیل حکام سے عمران خان کی بہنوں کو ادویات، کپڑے اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی سے متعلق رپورٹس طلب کی تھیں۔

Check Also

نوابشاہ: سود کی ادائیگی کے لیے ماں کا 4 بچوں کو فروخت کرنے کا اعلان

سندھ کے ضلع نواب شاہ کی تحصیل قاضی احمد میں مبینہ سود خوری اور شدید …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *