اسلام آباد(پبلک پوسٹ)حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو کس طرح سے ایڈجسٹ کیا، تفصیلات سامنے آ گئیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھی ہیں، جس کے بعد اسے لیوی کی شرح میں ایڈجسٹ کردیا گیا ہے۔
ایڈجسٹمنٹ کے تحت وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کی شرح بڑھا دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول پر لیوی کی شرح 8 روپے 72 پیسے تک بڑھائی گئی ہے، جس سے پیٹرول پر لیوی کی شرح 70 روپے سے بڑھا کر 78 روپے 72 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی کی شرح میں 7 روپے 1 پیسے کا اضافہ کرنے سے ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی کی شرح 70 روپے سے بڑھا کر 77 روپے 1 پیسے مقرر ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم لیوی میں اضافہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے کیا گیا ہے۔ صدر مملکت کی جانب سے پیٹرولیم لیوی آرڈنینس میں ترمیم کی گئی، جس کے ذریعے پیٹرولیم لیوی کے نرخوں کو بڑھایا گیا ہے۔